QR CodeQR Code

کراچی میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری، بجلی کی آنکھ مچولی جاری

30 Jul 2019 12:05

نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بیشتر سڑکیں ندی نالوں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، کئی علاقوں میں گندا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے کہیں بوندا باندی اور کہیں ہلکی بارش کا بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے گذشتہ روز ہی اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کیلئے چھٹی کا اعلان کر دیا تھا، جس کی وجہ سے بچے شہر میں ہونے والی رم جھم سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ اہم کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور بازار بند ہیں، جبکہ دفاتر، کارخاںوں اور فیکٹریوں میں حاضری دوسرے روز بھی معمول سے انتہائی کم ہے اور لوگ آج کا دن بھی چھٹی کے دن کی طرح تفریح کرتے ہوئے گزار رہے ہیں، بڑی تعداد میں لوگوں نے مختلف ساحلی مقامات کا رخ کر لیا ہے۔ دوسری جانب سندھ حکومت اور بلدیاتی انتظامیہ کی نااہلی نے اللہ تعالٰی کی رحمت کو زحمت بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی، نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بیشتر سڑکیں ندی نالوں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ کئی علاقوں میں گندا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔

متعلقہ سرکاری محکموں کی طرح بلدیاتی اداروں کی طرح ایک روز کی بارش سے بجلی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہوئی ہے، شہر بھر میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کئی علاقوں میں تو پیر کی صبح سے ہی بجلی بند ہے۔ کے الیکٹرک انتظامیہ بھی صحیح صورتحال بتانے کی بجائے روایتی ٹال مٹول اور حیلے بہانے کر رہی ہے۔ مختلف علاقوں میں صرف کرنٹ لگنے سے 12 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی اور گرد و نواح میں مون سون بارشوں کا سلسلہ 15 جولائی سے 15 ستمبر تک برقرار رہتا ہے، اس دوران مون سون کے کئی دیگر سلسلے شہر میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 807917

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/807917/کراچی-میں-دوسرے-روز-بھی-بارش-کا-سلسلہ-جاری-بجلی-کی-آنکھ-مچولی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org