0
Tuesday 30 Jul 2019 15:50

کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، حادثات میں 11 افراد جاں بحق

کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، حادثات میں 11 افراد جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز کراچی میں ایک روز کی بارش نے شہر کا نظام دگرگوں کردیا جس سے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بھی 11 ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں راجستھان سے آنے والابارش کا سسٹم کمزور ہوگیا ہے، بارش کے سسٹم کا کچھ حصہ سمندر کی طرف چلا گیا ہے جب کہ کچھ شہر کی جانب بڑھ رہا ہے  جس کے باعث آج موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ شہر کے مختلف علاقوں آئی آئی چند ریگر روڈ، صدر، کھارادر، اولڈ سٹی ایریا، سرجانی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، قیوم آباد اور ائیرپورٹ سمیت دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

سب سے زیادہ بارش سرجانی میں ریکارڈ
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں 123.7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ صدر میں 104، فیصل بیس پر 77، نارتھ کراچی 68، گلشن حدید 64، ناظم آباد 41، لانڈھی 46، اولڈ ائیرپورٹ 57.7، یونیورسٹی روڈ 61 اور جناح ٹرمینل پر 64 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

بجلی تاحال غائب
گزشتہ روز سے مسلسل بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے، شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کے عملے نے شکایت سننا بھی بند کردی ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کی شدت میں کمی کے بعد بجلی بحالی کے کاموں میں تیزی آئی ہے، تمام متاثرہ علاقوں میں بجلی جلد بحال کردی جائے گی۔

ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی
ریسکیو ذرائع کے مطابق کالا پل کے قریب کرنٹ لگنے سے مزید ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے جس کے بعد کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔

نیپرا کا نوٹس
نیشنل الیکٹرک پاور ریگیولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں بجلی بندش اور کرنٹ لگنے سے اموات کا نوٹس لے لیا ہے۔ نیپرا کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کے شکایتی مراکز کا صارفین کی ٹیلی فون کالز کا جواب نہ دینا پریشان کن ہے۔ اعلامیہ میں کے الیکٹرک سے پوچھا گیا کہ میڈیار پورٹس کے مطابق کراچی میں کرنٹ لگنے سے قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے، متوقع بارشوں کے باوجود حفاظتی اقدامات کیوں نہ کیے گئے؟ نیپرا نے کے الیکٹرک سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے بجلی کی فوری بحالی کے لئے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
  
کراچی میں آج تمام تعلیمی ادارے بند
شہر میں گزشتہ روز سے مسلسل بارش کے باعث تمام نجی و سرکاری اسکولز اور کالجز بند ہیں۔ بارش کے باعث شہر کی جامعات جامعہ کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی اور وفاقی اردو یونیورسٹی نے بھی آج ہونے والے تمام امتحانات منسوخ کردیئے ہیں جن کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ملک کے دیگر شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری
دوسری جانب حیدرآباد میں بھی رات بھر وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش جاری رہی، مسلسل بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ اس کے علاوہ ٹھٹہ، تھرپارکر، عمرکوٹ، جیکب آباد، سیہون، ٹنڈوباگو، ٹنڈوالہ یار، بدین اور پڈعیدن سمیت ساحلی پٹی پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پنجاب میں بھی مری، لیہ، بھکر، چشتیاں میں بارش ہو رہی ہے جب کہ بلوچستان میں خضدار اور ڈیرا مراد جمالی میں بھی بادل برس رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 807956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش