0
Friday 24 Jun 2011 18:48

قراقرم یونیورسٹی میں تفرقہ بازی کے تدارک اور اعتدال پسندی کے فروغ کی تعلیم کو ترجیح دی جانی چاہیئے، خالد مقبول

قراقرم یونیورسٹی میں تفرقہ بازی کے تدارک اور اعتدال پسندی کے فروغ کی تعلیم کو ترجیح دی جانی چاہیئے، خالد مقبول
گلگت:اسلام ٹائمز۔ سابق گورنر پنجاب جنرل ریٹائرڈ خالد مقبول نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے نوزائیدہ صوبے کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے قراقرم یونیورسٹی بہترین کردار ادا کر سکتی ہے، یونیورسٹی میں تفرقہ بازی کے تدارک اور اعتدال پسندی کے فروغ کی تعلیم کو ترجیح دی جانی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر وائس چانسلر، سینئر اساتذہ اور منیجمنٹ آفیسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں بلوچستان کے بعد گلگت بلتستان واحد خطہ ہے جہاں ترقی، توانائی، تعلیم، تحقیق، معدنیات، سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں بے شمار مواقع موجود ہیں، یہاں کے لوگوں کا رہن سہن اور طرز زندگی ملک کے دوسرے علاقوں سے کافی بہتر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کسی بھی معاشرے کا عکس ہوتی ہے جب پورا ماحول اس میں سما جائے تو ہر طرف علم کی روشنی پھیلے گی، یونیورسٹی صرف ڈگری یا ڈپلومہ جاری کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ ایک انقلاب کا نام ہے، اگر تعلیم کے میدان میں انقلاب آجائے تو ہر شعبہ زندگی میں خود بخود انقلاب برپا ہو گا۔
 اُنہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں مضامین کا انتخاب اس نوازائیدہ صوبے کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے کیا جانا چاہئے، تاکہ یہ اہم ادارہ صوبے کی پہچان بن سکے، گلگت میں شیعہ سنی فسادات کی وجوہات کا جائزہ لینے کے لئے بھی باقاعدہ یونیورسٹی میں تعلیم دی جانی چاہئے، تاکہ لوگ حقائق سے آگاہ ہوں اور ایسی بیماریوں کے خلاف جدوجہد کرنے کا شعور پیدا ہو۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر نجمہ نجم نے کہا کہ گلگت میں بدامنی کے خاتمے کے لئے یونیورسٹی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اس مقصد کے لئے ہم نے طلبہ و طالبات کی کونسلنگ کا بھی اہتمام کیا ہے کیونکہ آج ان بچوں کی صحیح معنوں میں تربیت ہو جائے تو کل معاشرہ انہی کے ہاتھوں میں ہونا ہے۔
خبر کا کوڈ : 80797
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش