اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں سوشل میڈیا پر گذشتہ کچھ دنوں سے وائرل ہورہے حکومتی آرڈروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ کشمیر افواہوں کا بازار ہے۔ ستیہ پال ملک نے ایس کے آئی سی سی سرینگر میں ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ حکومت کی طرف سے کوئی بھی آرڈر جاری نہیں کیا گیا ہے اور سوشل میڈیا پر گذشتہ کچھ دنوں سے جو حکومتی آرڈر شئیر ہورہے ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں افواہیں جنگل کے آگ کی طرح پھیلتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں افواہیں بہت پھیلتی ہیں ان پر کان دھرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے عوام سے افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں سب کچھ ٹھیک ٹھاک اور نارمل ہے۔