0
Wednesday 31 Jul 2019 07:36

پی ڈی پی کی بوکھلاہٹ کوئی حیران کن بات نہیں ہے، علی محمد ڈار

پی ڈی پی کی بوکھلاہٹ کوئی حیران کن بات نہیں ہے، علی محمد ڈار
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے پی ڈی پی کے جنرل سیکرٹری غلام نبی ہانجورہ کے اُس بیان کو حقیقت سے بعید قرار دیا ہے، جو انہوں نے مرحوم شیخ محمد عبداللہ سے منسوب کیا ہے۔ این سی کے وسطی زون صدر علی محمد ڈار نے اپنے ایک بیان میں غلام نبی ہانجورہ کے بیان کو تاریخ کو مسخ کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنے کشمیر دشمن کاموں اور کالے کارناموں پر پردہ ڈالنے کیلئے تاریخ اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا پی ڈی پی کا شیوہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس پراقتدار کیلئے خصوصی پوزیشن کا سودا کرنے کا الزام عائد کرنے والے شاید بھاجپا کے ساتھ اپنی سودا بازی بھول گئی ہیں۔ جموں و کشمیر کے عوام یہ کیسے بھول سکتے ہیں کہ پی ڈی پی نے اقتدار کے مزے لوٹنے کیلئے کس طرح سے بھاجپا کا ہاتھ تھام کر کشمیر میں آر ایس ایس کا ایجنڈا چلایا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کیسے فراموش کرسکتے ہیں کہ پی ڈی پی نے کرسی کی خاطر فوڈ ایکٹ، سرفیسی ایکٹ اور جی ایس ٹی کے قوانین ریاست پر لاگو کرکے کس قدر دفعہ 370 کو کھوکھلا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر قوم کیسے فراموش کرسکتی ہے کہ کس طرح سے پی ڈی پی والے اُس وقت خاموش تماشائی بنے بیٹھے جب سپریم کورٹ میں 35 اے کو ہٹانے کیلئے عرضی دائر ہوئی اور وہ اس کیس کے خلاف ایک سادہ حلف نامہ دائر کرانے میں بھی ناکام ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پی ڈی پی والوں کی کرسی سے محبت ہی تھی جب محبوبہ مفتی نے کشمیریوں کے قتل عام کو جواز بخشا اور کہا کہ یہ بچے بھارتی فوجیوں کے نزدیک دودھ اور ٹافی لانے نہیں جاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 808035
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش