QR CodeQR Code

قوم کو بتایا جائے امریکہ میں کن شرائط پر خدمات کا وعدہ کیا گیا ہے، اعجاز ہاشمی

31 Jul 2019 20:04

جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ سیاست میں اسٹبلشمنٹ کی مداخلت کے ماضی میں بھی اچھے نتائج برآمد نہیں ہوئے، ایوب خان، یحییٰ خان، ضیاالحق اور پرویز مشرف کو ملکی تاریخ میں اچھے لفظوں سے یاد نہیں کیا جاتا۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ عمران خان کی اپوزیشن سے دشمنی ضرور ہے، مگر وہ جمہوری روایات سے نہ کھیلیں۔ سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت ہمیشہ افسوسناک اور شرمناک رہی ہے، آج بھی حکمران جماعت کٹھ پتلی کے طور پر استعمال ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن جس نے بھی کی ہے، اس کا احتساب ضرور ہونا چاہئے لیکن سیاسی نظام کو تباہی سے بچایا جائے۔ لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سیاست میں اسٹبلشمنٹ کی مداخلت کے ماضی میں بھی اچھے نتائج برآمد نہیں ہوئے، ایوب خان، یحییٰ خان، ضیاالحق اور پرویز مشرف کو ملکی تاریخ میں اچھے لفظوں سے یاد نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ مارشل لاء حکومتوں میں ملکی سلامتی کو شدید خطرات لاحق رہے اور قومی سطح پر ناقابل تلافی نقصانات ہوئے، جن میں مشرقی پاکستان کی علیحدگی کا زخم سیاست میں مداخلت اور مارشل لاء حکومت کی سیاہ کاریوں کا نتیجہ ہے۔ اس کے نقصانات کو بھلایا نہیں جا سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کی کٹھ پتلی حکومت بھی مارشل لاء کے مقاصد پورے کر رہی ہے۔ کاش تحریک انصاف اقتدار ملنے کے بعد سیاسی جماعت ہی بن جاتی، جس میں سیاسی نظام اور جمہوری روایات کا کچھ پاس ہوتا۔ پیر اعجاز ہاشمی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے دوران کن خدمات کا وعدہ کیا گیا ہے، اس کی تفصیلات قوم کو بتائی جائیں اور پارلیمنٹ میں پیش کی جائیں۔


خبر کا کوڈ: 808187

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/808187/قوم-کو-بتایا-جائے-امریکہ-میں-کن-شرائط-پر-خدمات-کا-وعدہ-کیا-گیا-ہے-اعجاز-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org