QR CodeQR Code

نائیجیرین حکومت آیت اللہ زکزکی کو فوری رہا کرئے، علامہ نیاز نقوی

31 Jul 2019 20:24

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ شیخ زکزکی اور ان کی جماعت حقیقی اسلام کی پیروکار ہونے اور غیر اسلامی ظالمانہ شاہی کے مخالف ہونے کی وجہ سے دہشتگرد تنظیموں کی سرپرستی کرنیوالے چند عرب ممالک اِس کے مخالف ہو گئے اور نائجیریا کی کٹھ پتلی حکومت کو اس عظیم عالم دین اور ان کے پیروکاروں کیخلاف اکسایا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے اسلامی تحریک نائجیریا کے سربراہ آیت اللہ الشیخ ابراہیم زکزکی کی تین سالہ قید، انہیں علاج معالجے کی سہولت سے انکار اور کارکنوں کے قتل اور ظلم و تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے عظیم رہنما کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں، میڈیا اور اسلامی فکر رکھنے والی اسلامی سیاسی جماعتوں سے نائیجیریا میں اسلامی تعلیمات پھیلانے والے بزرگ رہنما کیلئے آواز بلند کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔ لاہور میں علماء سے گفتگو میں علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ نامور علمی شخصیت اور مذہبی سیاسی رہنما شیخ ابراہیم زکزکی، نائجیریا کے کروڑوں مسلمان پیروکاروں کے رہبر ہیں۔ تمام مسالک کے لوگ اس جلیل القدر علمی شخصیت کا احترام کرتے ہیں۔ ان کی جماعت اسلامی تحریک، نائجیریا میں عوامی خدمت اور فلاحی کاموں کیلئے ہر دلعزیز ہے، مگر یہاں کی ظالمانہ حکومت ریاستی جبر کے ذریعے اسلامی نظام کی اس موثر آواز کو دبانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ زکزکی اور ان کی جماعت حقیقی اسلام کی پیروکار ہونے اور غیر اسلامی ظالمانہ شاہی کے مخالف ہونے کی وجہ سے دہشتگرد تنظیموں کی سرپرستی کرنیوالے چند عرب ممالک اِس کے مخالف ہو گئے اور نائجیریا کی کٹھ پتلی حکومت کو اس عظیم عالم دین اور ان کے پیروکاروں کیخلاف اکسایا گیا۔ جس کے نتیجہ میں نائجیریا کی کرائے کی فوج نے بارہا اسلامی تحریک کے پُرامن اجتماعات پر حملے کیے جن میں دسمبر 2015ء کو بہت ہی ظالمانہ حملے میں اسلامی تحریک کے ایک ہزار سے زائد نہتے شہریوں کو بے دردی سے شہید کیا گیا۔ اس پر انسانی حقوق کے اداروں نے آواز تو بلند کی لیکن مغربی میڈیا اور اس کے زیر اثر یہودی ذرائع ابلاغ نے اس صدی کے اِس بدترین ظلم و بربریت سے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ اس حملہ میں شیخ زکزکی کے تین بیٹے بھی شہید ہوئے۔ جبکہ وہ خود اور ان کی اہلیہ شدید زخمی ہوئیں لیکن ظالم نائجیرین حکومت نے اسی حالت میں ان کو قید وبند میں ڈال دیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی ٹیم نے بڑی مشکل سے معائنہ کر کے رپورٹ دی ہے کہ شیخ ابراہیم زکزکی کے جسم میں گولیوں کے اثرات کے علاوہ زہر دیئے جانے کے شواہد بھی ملے ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں علاج معالجہ کی سہولت نہیں دی جا رہی ہے۔ علامہ نیاز نقوی نے افسوس کا اظہار کیا کہ گزشتہ دنوں ان کی رہائی کیلئے مظاہرہ کرنیوالے پرامن مظاہرین پر ایک بار پھر گولی چلائی گئی جس میں 10 افراد شہید اور لاتعداد زخمی ہوئے حتیٰ کہ ظلم و سفاکیت کی حد یہ ہے کہ زخمیوں کو ہسپتال لے جانے کی بجائے جیلوں میں ڈال دیا گیا۔ افسوس کہ معمولی خبروں کو بڑھا چڑھا کر بیان کرنیوالا میڈیا نائجیریا کے ہزاروں مظلوم انسانوں کی مظلومیت اور نائجیرین فوج کی بدترین سفاکیت کو چھپا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ شیخ زکزکی کی اسلامی تحریک پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ داعش کی طرح کی مقامی دہشتگرد تنظیم ”بوکو حرام“ کے آگے نائجیرین حکومت بے بس ہے یا اسے بے گناہوں کے قتل عام کیلئے جان بوجھ کر ڈھیل دی جا رہی ہے۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ پاکستانی حکومت،میڈیا، سیاسی جماعتیں اور بالخصوص مذہبی سیاسی جماعتوں کا دینی فریضہ ہے کہ نائجیریا میں ہونیوالے اس بدترین ظلم و بربریت کیخلاف آواز اٹھائی جائے۔ شیخ زکزکی کی رہائی، علاج اور سیکڑوں اسیروں کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 808188

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/808188/نائیجیرین-حکومت-ا-یت-اللہ-زکزکی-کو-فوری-رہا-کرئے-علامہ-نیاز-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org