0
Wednesday 31 Jul 2019 22:46

مہاجروں کے منتخب نمائندوں کی تاریخ دھوکہ و فریب کے سوا کچھ نہیں، سلیم حیدر

مہاجروں کے منتخب نمائندوں کی تاریخ دھوکہ و فریب کے سوا کچھ نہیں، سلیم حیدر
اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کراچی اور حیدرآباد میں بارش سے ہونے والی تباہی کا ذمہ دار پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اور دونوں شہروں کے میئرز کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رین ایمرجنسی کے نام پر حاصل کئے گئے کروڑوں روپے کے فنڈز کے باوجود کراچی اور حیدرآباد کے لاکھوں مہاجر بارش اور سیوریج کے گندے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، انہیں ریلیف فراہم کرنے کو کوئی تیار نہیں، جانی و مالی نقصان کے باوجود اب تک عوامی نمائندے عوام کے درمیان موجود نہیں، فوج کے جوانوں نے روایتی جواں مردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو ریلیف دینا شروع کیا ہے، جو سول حکومتوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ اپنے بیان میں سلیم حیدر نے کہا کہ وزیراعلیٰ، وزیر بلدیات، کراچی اور حیدرآباد کے میئرز، ٹاون اور یوسیز کے چیئرمین اور بلدیاتی نمائندے ہر برے وقت میں مہاجروں کو تنہا چھوڑ دیتے ہیں، مصیبت اور پریشانی کا شکار شہریوں کو اپنی مدد آپ کے تحت سب کچھ کرنا پڑتا ہے۔

سلیم حیدر نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر سال قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے بجٹ میں کروڑوں روپے مختص کرتی ہے، اسی طرح بلدیاتی ادارے بھی اپنے بجٹ میں شہریوں کیلئے فنڈز رکھتے ہیں، لیکن وہ فنڈز کب اور کہاں استعمال ہوتے ہیں، اس کا اندازہ بارش میں پھنسے شہریوں کی بے بسی سے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ، گورنر، صوبائی وزیر بلدیات اور میئر کراچی فوٹو سیشن اور نمائشی دوروں کے علاوہ کچھ نہیں کر رہے اور شہری اذیت سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے مہاجر 30 سال سے قومی، صوبائی اور بلدیات کیلئے جن نمائندوں کو منتخب کرتے آرہے ہیں، ان کی تاریخ دھوکہ، جھوٹ، فریب مہاجروں کی تذلیل کے سوا کچھ نہیں، فنڈز کی بے بسی کا رونا رونے والے نمائندے ہر برے وقت پر مہاجروں کو تنہا چھوڑ دیتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 808207
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش