QR CodeQR Code

حالیہ بارشوں میں کرنٹ سے جاں بحق ہونے والے افراد کے الیکٹرک کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، مرتضیٰ وہاب

31 Jul 2019 23:07

اپنے بیان میں مشیر اطلاعات نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رہنما پیپلز پارٹی پر بے جا تنقید کرکے کراچی کے شہریوں کے دل نہیں جیت سکتے، کراچی والوں نے ان کی اسی طرح کی پالیسیوں کی بدولت مسترد کردیا ہے، ایم کیو ایم کے رہنما اپنی پریس کانفرنس میں کے الیکٹرک کے خلاف بھی لب کشائی فرما لیتے تو بہتر ہوتا۔


اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کے الیکٹرک کی نااہلی اور غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، کے الیکٹرک کا بوسیدہ نظام معصوم افراد کی ہلاکتوں کا ذمہ دار ہے، شہر میں بجلی کی ترسیل کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ بے گناہ افراد کے الیکٹرک کی نااہلی کے بھینٹ چڑھ رہے ہیں اور کے الیکٹرک کی انتظامیہ ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھی ہے، ایسا نہیں چلے گا، کراچی کے عوام کو انصاف ملنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رہنما اپنی پریس کانفرنس میں کے الیکٹرک کے خلاف بھی لب کشائی فرما لیتے تو بہتر ہوتا، انہوں نے کے الیکٹرک کی نااہلی کو چھپا کر کراچی کے شہریوں کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں بجلی کے الیکٹرک فراہم کرتی ہے نہ کہ سندھ حکومت اور دنیا جانتی ہے کہ کے الیکٹرک کو تباہی کے دہانے پر پہچانے میں ایم کیو ایم کا بھی کردار ہے۔ وفاقی حکومت کے اتحادی مگرمچھ کے آنسو بہانے کے بجائے وفاق سے سوال کریں۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے رہنما پیپلز پارٹی پر بے جا تنقید کرکے کراچی کے شہریوں کے دل نہیں جیت سکتے، کراچی والوں نے ان کی اسی طرح کی پالیسیوں کی بدولت مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے ایم کیوایم سے سوال کیا کہ گھر بیٹھ کر وسائل کا رونا رونے کے بجائے کراچی کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔


خبر کا کوڈ: 808210

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/808210/حالیہ-بارشوں-میں-کرنٹ-سے-جاں-بحق-ہونے-والے-افراد-کے-الیکٹرک-کی-نااہلی-کا-منہ-بولتا-ثبوت-ہیں-مرتضی-وہاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org