QR CodeQR Code

وفاقی حکومت کا ماحول کو صاف رکھنے سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کا اعلان

1 Aug 2019 18:36

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی بہت بڑا چیلنج ہے۔ وزیر خارجہ کے خطاب کے اختتام پر پلاسٹگ شاپنگ بیگ کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے شرکا میں کاغذ کی تھیلیاں بھی تقسیم کی گئیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملک میں ماحول کو صاف رکھنے سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی بہت بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں سیاحت کو فروغ دے رہے ہیں، تاہم ایسے میں اگر کوئی غیر ملکی پاکستان آتا ہے اور یہاں پر گندگی کا ڈھیر اور کچرے کا انبار دیکھے گا تو دوبارہ نہیں آئے گا اور یہاں آکر پریشان ہوگا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کے ایسے خطے میں واقع ہے جو انتہائی اہمیت کا حامل ہے لیکن اس حوالے سے ماہرین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یا ہمیں خشک سالی کا سامنا کرنا پڑے گا یا پھر ہمیں سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی بھی صورت کا سامنا کرنا پڑا تو نقصان پاکستانی معیشت کا ہی ہوگا جبکہ اس ضمن میں انہوں نے ماحولیاتی آلودگی سے چھٹکارا حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

شاہ محمود قریشی نے ملک میں ماحول کو صاف رکھنے سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا، جس کی سربراہی وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل کر رہی ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ماحول کو بہتر بنانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے لیکن امید ہے کہ ہر شہری اپنی ذمہ داری کا احساس کرے گا۔ انہوں نے زور دیا نوجوان اس مہم کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں کیونکہ نوجوانوں کو شامل کرکے حقیقی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2018ء میں نوجوانوں نے تبدیلی لا کر دکھائی لیکن ماحول کو صاف رکھنے کی مہم کامیاب بنا کر وزیراعظم کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کو کامیاب بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کراچی میں حالیہ بارشوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک کے شاپنگ بیگز شہر میں نالوں کے بند ہونے کی سب سے بڑی وجہ ہیں۔ وزیر خارجہ کے خطاب کے اختتام پر پلاسٹگ شاپنگ بیگ کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے شرکا میں کاغذ کی تھیلیاں بھی تقسیم کی گئیں۔


خبر کا کوڈ: 808308

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/808308/وفاقی-حکومت-کا-ماحول-کو-صاف-رکھنے-سے-متعلق-ا-گاہی-مہم-شروع-کرنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org