QR CodeQR Code

ملتان، لائسنسداروں کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات، محرم الحرام کے مسائل سے آگاہ کیا

1 Aug 2019 19:37

لائسنسداروں نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ چوک دہلی گیٹ تا اورنگزیب روڈ سمیت تمام ماتمی جلوس روٹس پر تجاوزات کا مکمل طور پر یکم محرم الحرام سے قبل خاتمہ کیا جائے، لائسنسداروں پر درج مقدمات خارج کئے جائیں، مرحوم لائسنسداروں کے ورثاء کے نام لائسنس منتقل کئے جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا ہے کہ لائسنسداروں کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں، محرم الحرام میں کام ہوتا نظر آئے گا، کسی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کروں گا، سی پی او ملتان زبیر دریشک نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے سلسلے میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں گے، محرم الحرام کے ایام میں 24 گھنٹے پولیس گشت ہوگا، مجالس اور ماتمی جلوسوں کی خود نگرانی کروں گا، اے ڈی سی جی حمزہ سالک نے کہا کہ لائسنسداروں کو بھی چاہیئے کہ وہ محرم الحرام میں شیڈول کے مطابق وقت کی پابندی کریں، ان کے مسائل کے حل کے لئے انقلابی سطح پر اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہائوس میں تحفظ عزاداری حضرت امام حسین کے مرکزی صدر الحاج شفقت حسنین بھٹہ، سیکرٹری جنرل سید طالب حسین پرواز، علامہ سید سلطان احمد شاہ، مخدوم سید حسن رضا مشہدی، مخدوم سید صدرالدین گیلانی کی قیادت میں ڈسٹرکٹ ملتان کے قدیمی و مرکزی امام بارگاہوں کے لائسنسداروں کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔

جس میں الحاج شفقت حسنین بھٹہ، سید طالب حسین پرواز، سید سلطان احمد شاہ نے ضلعی انتظامیہ کے حکام بالا کو تحریری طور پر مسائل سے آگاہ کیا، جس میں بتایا کہ چوک دہلی گیٹ تا اورنگزیب روڈ سمیت تمام ماتمی جلوس روٹس پر تجاوزات کا مکمل طور پر یکم محرم الحرام سے قبل خاتمہ کیا جائے، لائسنسداروں پر درج مقدمات خارج کئے جائیں، مرحوم لائسنسداروں کے ورثاء کے نام لائسنس منتقل کئے جائیں، لائسنسداروں کو کارڈ ایشو کئے جائیں، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور دیگر درپیش مسائل حل کئے جائیں، جس پر ضلعی انتظامیہ کے حکام بالا نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ یکم محرم الحرام سے قبل لائسنسداروں کو درپیش مسائل حل کئے جائیں گے۔

اجلاس میں مخدوم سید مشاہد عباس شمسی، ملک شجر عباس کھوکھر، پروفیسر تنویر السبطین، حاجی خضر عباس جعفری، اللہ وسایا خان، انجینئر سخاوت حسین، خلیفہ شاہ زیب حسن، مختیار حسین کانجو، سید حسن عباس رضوی، سید علی حیدر بخاری، سید جعفر حسین اور دیگر شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے مزید کہا کہ لائسنسداروں کو چاہیئے کہ وہ مسائل کی بروقت نشاندہی کریں، تاکہ ان کے مسائل کے حل کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے، عید الاضحیٰ کے بعد بھی وہ لائسنسداروں کے ساتھ یقیناً مسائل کے حل کے حوالے سے رابطے میں رہیں گے، امسال سابقہ ادوار سے ہٹ کر حقیقی معنوں میں کام ہوتا نظر آئے گا۔


خبر کا کوڈ: 808320

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/808320/ملتان-لائسنسداروں-کی-ڈپٹی-کمشنر-سے-ملاقات-محرم-الحرام-کے-مسائل-آگاہ-کیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org