0
Thursday 1 Aug 2019 21:45

14 ضمیر فروش سینیٹرز نے جمہوریت کی پیٹھ میں چھرا گھونپا، اپوزیشن ہار کر بھی جیت چکی ہے، بلاول بھٹو

14 ضمیر فروش سینیٹرز نے جمہوریت کی پیٹھ میں چھرا گھونپا، اپوزیشن ہار کر بھی جیت چکی ہے، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین سینیٹ کو سلیکٹڈ قرار دے دیا، کہتے ہیں کہ 14 ضمیر فروش سینیٹرز نے جمہوریت کی پیٹھ پر چھرا گھونپا۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ضمیر فروشوں نے جمہوریت کو کمزور کیا، آئندہ ہفتے آل پارٹیز کانفرنس بلا کر تمام نام قوم کے سامنے لائیں گے۔ چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک کی ناکامی کے بعد بلاول بھٹو زرداری، شہباز شریف، میر حاصل بزنجو سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ضمیر فروشوں نے جمہوریت کو کمزور کیا، ضمیر فروش 14 سینیٹر کون تھے قوم کو بتائیں گے، حکومت کی ہارس ٹریڈنگ کو پوری طرح بے نقاب کریں گے، آئندہ ہفتے ایک اور آل پارٹیز کانفرنس بلا رہے ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ہی منتخب کردہ چیئرمین سینیٹ کو سلیکٹڈ قرار دے دیا، کہتے ہیں کہ اخلاقی طور پر چیئرمین سینیٹ کو آج ہی استعفیٰ دے دینا چاہیئے تھا۔

پیپلزپارٹی نے 3 مارچ 2018ء کو چیئرمین سینیٹ کے عہدے کیلئے آزاد امیدوار سینیٹر صادق سنجرانی کی حمایت کی تھی، انہیں ووٹ دینے والوں میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین بھی شامل تھے۔ بلاول بھٹو زرداری کا میڈیا سے گفتگو میں مزید کہنا تھا کہ عوام دشمن کٹھ پتلی حکومت کے حملے جاری ہیں، دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمت کم ہورہی ہے، ملک میں پیٹرول کی قیمت تاریخ کی بلند سطح پر ہے، عوام کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر جدوجہد جاری رہے گی۔ چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کیخلاف ووٹ دینے والے 14 سینیٹرز سے متعلق شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پی پی چیئرمین بولے کہ 14 ضمیر فروش سینیٹرز نے جمہوریت کی پیٹھ میں چھرا گھونپا، اپوزیشن ہار کر بھی جیت چکی ہے۔ واضح رہے کہ سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد کی حمایت میں 64 اراکین کھڑے ہوئے تاہم خفیہ رائے شماری میں اپوزیشن کی قرارداد کو 45 ووٹ ملے، جبکہ مخالفت میں 50 ووٹ ڈالے گئے، پریذائیڈنگ افسر نے 5 ووٹ مسترد کردیئے تھے۔
 
خبر کا کوڈ : 808337
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش