QR CodeQR Code

سکردو میں اسد عاشورا جمعہ کے روز عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا

1 Aug 2019 22:28

سکردو میں 30 بڑے ماتمی جلوس نکالے جائیں گے، مرکزی جلوسوں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس، جی بی سکاوٹس کے سینکڑوں اہلکار تعینات ہونگے، فوج کو اسٹینڈ بائی رکھا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ سکردو میں عاشورہ اسد بروز جمعہ مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ سکردو میں 30 بڑے ماتمی جلوس نکالے جائیں گے، مرکزی جلوسوں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس، جی بی سکاوٹس کے سینکڑوں اہلکار تعینات ہونگے، فوج کو اسٹینڈ بائی رکھا جائے گا۔ جلوسوں کی گذرگاہوں کی سکیورٹی کلیرنس بھی حاصل کی جائے گی، علمدار چوک، بینظیر چوک کی سڑک کو جلوس کے دوران بند رکھا جائے گا، جلوس گذرتے ہی سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا، تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا نہ پڑے۔ انتظامیہ اور پولیس کے اعلی افیسران کے اجلاس میں عاشورہ کے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی ہے، العباس سکاوٹس کے رضاکار بھی اپنی خدمات انجام دیں گے، جلوسوں کی گذرگاہوں کو تین روٹس میں تقسیم کیا گیا ہے، روٹ 1 سے برآمد ہونے والے تمام ماتمی جلوس دن ایک بجے سے پہلے پہلے حسینی چوک کراس کریں گے، اس کے بعد روٹ نمبر 2 اور 3 کے ماتمی جلوس حسینی چوک پر پہنچیں گے، جلوسوں کی گذرگاہوں کو روٹ نمبر 1 نمبر 2 اور نمبر 3 میں تقسیم کرنے کا مقصد شہر بھر سے نکلنے والے جلوسوں کو بروقت اپنی اپنی منزلوں پر پہنچانا ہے۔

روٹس نہ بنائے جانے سے ہر سال بڑے مسائل پیش آتے رہے ہیں، حسینی چوک بروقت خالی نہ ہونے کی وجہ بڑی پریشانیاں ہوتی رہتی تھیں، اس لیئے انجمن امامیہ بلتستان کے ایک اعلی سطح کےاجلاس میں جلوسوں کی گذرگاہوں کو تین روٹس میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ ہر سال پیش آنے والے مسائل سے چھٹکارہ حاصل کیا جاسکے۔ رواں سال جلوسوں کی گذرگاہوں کے آس پاس کی عمارتوں پر بھی غیر ضروری لوگوں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سبیلیں لگانے والوں کو بھی انتظامیہ سے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنا ہو گا۔ ایس ایس پی سکردو اسحاق حسین نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ عاشورہ اسد کے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی ہے، شہر کے تمام داخلی وخارجی راستوں پر چیکنگ انتہائی سخت کر دی ہے، مشکوک افراد کے اوپر کڑی نگاہ رکھی جائے گی، عزاداروں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا، تمام ادارے عاشورہ کے پرامن انعقاد کیلئے بھرپور تعاون کر رہے ہیں، پولیس فورس الرٹ رہے گی، جی بی سکاوٹس کے ایلکار بھی جگہ جگہ پر تعینات ہونگے۔


خبر کا کوڈ: 808341

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/808341/سکردو-میں-اسد-عاشورا-جمعہ-کے-روز-عقیدت-احترام-ساتھ-منایا-جائے-گا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org