QR CodeQR Code

پیپلزپارٹی کے تمام 21 سینیٹرز نے استعفے بلاول بھٹو کو پیش کردیئے

1 Aug 2019 23:48

بلاول بھٹو نے الزام لگایا کہ خفیہ رائے شماری کا فائدہ اٹھا کر ووٹ تبدیل کروائے گئے، اس لئے پارٹی ضرور معاملے کی چھان بین کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پریزائیڈنگ افسر کی ویڈیو میں خود انہوں نے اقرار کیا کہ 54ووٹ تحریک عدم اعتماد کی حمایت میں تھے۔


اسلام ٹائمز۔ سینیٹ میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف عدم اعتماد تحریک ناکام ہونے کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے تمام سینیٹرز نے پارٹی قیادت کو اپنے استعفے پیش کردیئے۔ اس ضمن میں بتایا گیا کہ سینیٹ میں پیپلزپارٹی کے تمام 21 سینیٹرز نے اپنے استعفے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو پیش کئے۔ استعفے جمع کرانے والوں میں ڈپٹی چیئرمین سمیت شیری رحمن، رضا ربانی، کرشنا کماری بھی شامل ہیں۔ سینیٹرز کی جانب سے پیش کردہ استعفے کے حوالے سے بلاول بھٹو نے بھی تصدیق کی۔ بعدازاں بلاول بھٹو نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے تمام سینیٹرز نے استعفے اخلاقی طور پر دیئے۔

واضح رہے کہ استعفے منظور کرنے سے متعلق بلاول بھٹو نے کچھ نہیں کہا۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو نے الزام لگایا کہ خفیہ رائے شماری کا فائدہ اٹھا کر ووٹ تبدیل کروائے گئے، اس لئے پارٹی ضرور معاملے کی چھان بین کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پریزائیڈنگ افسر کی ویڈیو میں خود انہوں نے اقرار کیا کہ 54ووٹ تحریک عدم اعتماد کی حمایت میں تھے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ عام انتخابات کی طرح اس مرتبہ بھی ووٹ مسترد کرکے اپوزیشن کو ہرایا گیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ عمل وفاق، سینیٹ اور جمہوریت کے لئے خطرناک ہے لیکن میں مایوس بالکل نہیں ہوں، جمہوریت کے لئے جدو جہد کرتا رہوں گا۔
 


خبر کا کوڈ: 808367

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/808367/پیپلزپارٹی-کے-تمام-21-سینیٹرز-نے-استعفے-بلاول-بھٹو-کو-پیش-کردیئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org