QR CodeQR Code

حکومت عافیہ صدیقی کی واپسی کے لیے وسائل بروئے کار لاتی رہے گی، شاہ محمود قریشی

2 Aug 2019 05:29

قومی اسمبلی میں اپنے تحریری بیان میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورۂ امریکا سے پہلے عافیہ صدیقی کی ہم شیرہ نے ملاقات کی تھی، انھوں نے دفتر خارجہ میں بھی ملاقات کی تھی یہ معاملہ وزیراعظم کے دورۂ واشنگٹن میں اٹھایا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے تحریری بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت ڈاکٹر عافیہ کے کیس سے پوری طرح آگاہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں عافیہ صدیقی کے معاملے پر وزیر خارجہ شاہ محمود کا تحریری بیان پیش کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورۂ امریکا سے پہلے عافیہ صدیقی کی ہم شیرہ نے ملاقات کی تھی، انھوں نے دفتر خارجہ میں بھی ملاقات کی تھی۔ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کا معاملہ وزیر اعظم کے دورۂ واشنگٹن میں اٹھایا گیا ہے۔ انھوں نے تحریری بیان میں کہا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ کے کیس سے پوری طرح آگاہ ہے، حکومت عافیہ صدیقی کی واپسی کے لیے وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔ خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات میں ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ عافیہ صدیقی کے کیس پر بھی بات کی جائے گی، بعد ازاں انھوں نے امریکی میڈیا کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے شکیل آفریدی اور عافیہ صدیقی کے تبادلے کو امکانی قرار دیا۔ یاد رہے پاکستانی خاتون عافیہ صدیقی کو نیو یارک کی ایک عدالت نے 86 برس کی قید کی سزا سنائی تھی، عافیہ صدیقی امریکا کے بین الاقوامی سطح پر مشہور تعلیمی ادارے میساچوسیٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں زیر تعلیم رہ چکی ہیں اور وہ ایک ذہین نوجوان سائنس دان تصور کی جاتی تھیں۔
 


خبر کا کوڈ: 808389

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/808389/حکومت-عافیہ-صدیقی-کی-واپسی-کے-لیے-وسائل-بروئے-کار-لاتی-رہے-گی-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org