0
Friday 2 Aug 2019 20:05
تحریک عدم اعتماد دوبارہ پیش کی جا سکتی ہے

پتہ تھا کہ صادق سنجرانی کے معاملے میں پیسے و پریشر کا عمل دخل ہے، حاصل بزنجو

پتہ تھا کہ صادق سنجرانی کے معاملے میں پیسے و پریشر کا عمل دخل ہے، حاصل بزنجو
اسلام ٹائمز۔ نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ ہمیں شروع سے ہی پتہ تھا کہ صادق سنجرانی کے معاملے میں پیسے اور پریشر کا عمل دخل ہے، ہارس ٹریڈنگ موجودہ حکومت کا وطیرہ ہے، پنجاب اور وفاقی حکومت کی تشکیل کے دوران جہانگیر ترین کا جہاز اسی طرح گھومتا رہا، دوبارہ عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جا سکتی ہے۔ کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ ہمیں صادق سنجرانی سے کوئی دلچسپی نہیں، کچھ لوگ ایوان بالا جو چاروں صوبوں کا نمائندہ ایوان ہے، اسے بے عزت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد والے دن جو کچھ ہوا، آئین بنانے والوں کی روح کانپ گئی ہوگی، وہ سوچ رہے ہوں گے کہ انہوں نے کیا آئین تشکیل دیا تھا اور اس کے ساتھ سلوک کیا ہوگیا۔

حاصل بزنجو نے کہا کہ آئین، فیڈریشن اور ایوان بالا سے جو گیم کھیلا گیا، وہ انتہائی خطرناک ہے، سینیٹ چیئرمین میں ہوں یا صادق سنجرانی، اس سے فرق نہیں پڑتا، یہ رائے بھی موجود ہے کہ دوبارہ عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جائے، کچھ دنوں میں اے پی سی کے اجلاس میں اس سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن سینیٹرز پر شک ہے، سیاسی جماعتیں ان سے استعفیٰ لیں اور تحقیقات کریں، میں یقین سے کہتا ہوں کہ میری جماعت کے تمام سینیٹرز نے مجھے ووٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو اگر ہم گرانا چاہیں، تو ایک مہینہ بہت ہے، مگر ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کو ایک اور تنبیہ کی ضرورت ہے، اب اپوزیشن کیلئے سوائے احتجاج کے کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 808493
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش