QR CodeQR Code

افغانستان میں امن کی کوششیں بڑھانے میں پاکستان اپنا کردار ادا کرے گا، آرمی چیف

2 Aug 2019 23:52

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں افغانستان میں امن عمل کی کامیابی کی کوششوں پر بات چیت کی گئی ہے جبکہ افغان امن عمل اور باہمی متفقہ مقاصد کے حصول پر اتفاق کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے ہیڈ کواٹرز جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں افغانستان میں امن عمل کی کامیابی کی کوششوں پر بات چیت کی گئی ہے جبکہ افغان امن عمل اور باہمی متفقہ مقاصد کے حصول پر اتفاق کیا گیا۔ زلمےخلیل زاد نے افغان امن عمل کیلیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ توقع ہے کہ دوسرے بھی افغان امن عمل سے متعلق پاکستان کی تقلید کریں گے۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے حصول کے لیے پاکستان کوششیں بڑھانے میں اپناکردار ادا کرے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے زلمےخلیل زاد نے ملاقات کی تھی، جس میں وزیراعظم نے افغانستان کے مستقبل کے لیے انٹرا افغان مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان افغانستان میں مفاہمت اور امن کے لیے پُرعزم ہے۔


خبر کا کوڈ: 808546

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/808546/افغانستان-میں-امن-کی-کوششیں-بڑھانے-پاکستان-اپنا-کردار-ادا-کرے-گا-ا-رمی-چیف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org