QR CodeQR Code

اسرائیل کیجانب سے رواں سال صرف جون کے ایک ماہ میں 62 بیگناہ فلسطینی بچے جیلوں کی نذر

3 Aug 2019 01:29

غاصب صیہونی رژیم اسرائیل نے فلسطینیوں کی جانب سے اپنے حقوق کی پائمالی پر مسلسل احتجاج کے جرم میں عالمی برادری کی آنکھوں کے سامنے جون کے صرف ایک ماہ میں 420 مردوں اور 10 خواتین کے علاوہ 62 بیگناہ فسلطینی بچوں کو بھی اپنی جیلوں میں قید کر لیا۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے روز بروز بڑھتے جرائم گذشتہ ماہ اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے، جب اپنے حقوق کے حصول کی خاطر بڑے پیمانے پر منعقد ہونے والے فلسطینی احتجاجی مظاہروں کے جواب میں غاصب صیہونی فوجیوں نے نہ صرف سیدھی فائرنگ کرکے سینکڑوں فلسطینی مظاہرین کو شہید و زخمی کر دیا بلکہ اپنے اوچھے ہتھکنڈوں کے تحت جون کے ایک ماہ میں 420 فلسطینی مردوں، 10 فلسطینی خواتین اور 62 فلسطینی بچوں کو بھی گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے ہاتھوں قید ہونے والے فلسطینی قیدیوں کی دیکھ بھال کے فلسطینی مرکز کے ترجمان "ریاض الاشقر" نے اپنی ماہانہ رپورٹ میں لکھا ہے کہ غاصب صیہونیوں نے فلسطینی رکن اسمبلی "عزام نعمان سلھب" کو ان کے گھر پر حملہ اور توڑ پھوڑ کرنے کے بعد گرفتار کر لیا جبکہ اس سے پہلے بھی انہیں اسرائیل کی طرف سے متعدد بار گرفتار کیا جا چکا ہے۔

ریاض الاشقر کا کہنا ہے کہ عزام نعمان کو اس سے قبل 6 مرتبہ گرفتار کرکے مجموعی طور پر 8 سال کے عرصے تک مختلف اسرائیلی جیلوں میں قید رکھا جا چکا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے گذشتہ ماہ 7 سالہ مازن الشویکی، اس کے بھائی 11 سالہ عزالدین الشویکی اور اس کے دوست 11 سالہ امیر عبید کو بھی گرفتار کرنے کے بعد جیل بھیج دیا۔ علاوہ ازیں غاصب صیہونی فوجیوں نے اسرائیلی فوجی گاڑیوں کی طرف پتھر پھینکنے کے جرم میں فلسطینی شہر "القدس" کے نواحی قصبے "العیساویہ" میں 4 سالہ محمد ربیع علیان اور 6 سالہ قیس فراس عبید کو بھی حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی۔

فلسطینی قیدیوں کی دیکھ بھال کے فلسطینی مرکز کے ترجمان "ریاض الاشقر" کا کہنا ہے کہ رواں سال جون کے ماہ میں اسرائیلی حراست کے دوران شہید ہونے والے فلسطینی قیدیوں کی تعداد طبی خدمات نہ ملنے کے سبب اسرائیلی حراست میں شہید ہونے والے فلسطینی قیدی "نصار ماجد طقاطقہ" کی شہادت کے بعد 220 ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی قیدیوں کی طرف سے رواں سال کے جون کے مہینے میں اسرائیلیوں کی طرف اپنے ساتھ ناروا سلوک روا رکھے جانے کے نتیجے میں سب سے زیادہ بھوک ہڑتال کی گئی ہے، جبکہ 21 ایسے فلسطینی قیدی جن کو غیر معینہ مدت کے لئے جیلوں میں ڈالا گیا ہے، تاحال بھوک ہڑتال کی حالت میں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 808556

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/808556/اسرائیل-کیجانب-سے-رواں-سال-صرف-جون-کے-ایک-ماہ-میں-62-بیگناہ-فلسطینی-بچے-جیلوں-کی-نذر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org