0
Saturday 3 Aug 2019 22:26

مقبوضہ کشمیر کے حالات سمجھ سے بالاتر ہیں، میرواعظ عمر فاروق

مقبوضہ کشمیر کے حالات سمجھ سے بالاتر ہیں، میرواعظ عمر فاروق
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے بھارتی حکومت کی جانب سے مسئلہ کشمیر کی متنازعہ سیاسی حیثیت و ہیئت کو بگاڑنے اور جموں و کشمیر کی ریاست کے مسلم اکثریتی کردار کو ختم کرنے کی کسی بھی کوشش کو ایک لاحاصل عمل قرار دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ حریت کانفرنس کا اس سلسلے میں موقف بالکل واضح ہے اور یہ کہ مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے اور کسی بھی عدالتی، قانونی یا سیاسی اقدامات کے ذریعے اس مسئلہ کی متنازعہ حیثیت و ہیئت کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا اور آج نہیں تو کل اس مسئلہ کو حل کرنا ہی ہوگا۔

مرکزی جامع مسجد سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق نے کشمیر کی موجودہ صورتحال کو انتہائی مخدوش، غیر واضح اور حد درجہ تشویشناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی ہفتوں سے لگاتار یہاں کے حالات میں زبردست تبدیلی کے آثار نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں نیم فوجی دستوں کو نئے سرے سے یہاں لاکر کشمیر کے چپے چپے پر تعینات کیا جارہا ہے، ایسے حالات میں یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ حکومت کے کیا منصوبے اور عزائم ہیں کیونکہ ان حالات کی وجہ سے ہر طرف تشویش اور چے میگوئیوں کا بازار گرم ہے۔

میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ ریاستی انتظامیہ اس سارے عمل کو معمول کی کارروائی بتاکر حالات ٹھیک ہیں کا اعلان کررہی ہے، مگر دوسری طرف جبکہ کشمیر میں پہلے سے ہی لاکھوں کی تعداد میں فوجی اور نیم فوجی اہلکار تعینات ہیں، ایسے میں مزید ہزاروں کی تعداد میں فورسز کی تعیناتی سمجھ سے بالاتر ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ کچھ بڑا ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف واضح ہے کہ مسئلہ کشمیر کو صرف تینوں فریقوں کے درمیان بامعنی مذاکراتی عمل سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ میرواعظ عمر فاروق نے عوام سے تلقین کی کہ وہ آج کے مخدوش اور غیر یقینی صورتحال میں اپنی صفوں میں اتحاد اور اتفاق قائم رکھیں۔
خبر کا کوڈ : 808678
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش