QR CodeQR Code

پاکستان سے ایران جانیوالی پہلی بین الاقوامی ''یار من ایران۔ لاہور تا تہران ''موٹر بائیک ریلی کا ملتان میں شاندار استقبال

3 Aug 2019 20:45

یہ ریلی ملتان، ڈیرہ غازی خان، لورالائی، زیارت اور کوئٹہ سے گزرتی ہوئی تفتان بارڈر کے راستے7 اگست کو ایران میں داخل ہوگی، ریلی کے شرکاء ایران کے مختلف شہروں سے گزرتے ہوئے تہران پہنچیں گے، جہاں 14 اگست کو پاکستان ایمبیسی میں یوم آزادی پاکستان منائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں موٹر بائیک ٹورزم کے فروغ میں فعال و سرفہرست فورم "کراس روٹ موٹر سائیکل کلب آف پاکستان" کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے پُرامن اور مثبت تشخص کے اظہار کے لیے بین الاقوامی بائیک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ''یارِ من ایران، لاہور تا تہران'' کے عنوان سے امن اور دوستی کا پیغام لیکر یہ ریلی 2 اگست کو لاہور سے مکرم ترین جہانگرد اور سلمان حمید کھوکھر کی سربراہی میں روانہ ہوئی، 3 اگست کو اس بائیک ریلی کا ملتان میں شاندار استقبال کیا گیا، خانہ فرہنگ ملتان میں بائیکرز کی پذیرائی کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر انچارج خانہ فرہنگ ملتان خانم زاہدہ بخاری نے بائیکرز کو خوش آمدید کہا، ریلی کے شرکاء نے خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران میں کچھ دیر استراحت اور شجرکاری بھی کی، اس ریلی میں لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، گوجرانولہ اور بہاولپور سے 26 بائیکرز شامل ہیں۔

یہ ریلی ملتان، ڈیرہ غازی خان، لورالائی، زیارت اور کوئٹہ سے گزرتی ہوئی تفتان بارڈر کے راستے7 اگست کو ایران میں داخل ہوگی، ریلی کے شرکاء ایران کے مختلف شہروں سے گزرتے ہوئے تہران پہنچیں گے، جہاں 14 اگست کو پاکستان ایمبیسی میں یوم آزادی پاکستان منائیں گے، ملتان سے بائیکرز کو خانم زاہدہ بخاری اور دیگر رفقاء نے دعائوں کے ساتھ رخصت کیا۔ اسلام ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے خانم زاہدہ بخاری کا کہنا تھا کہ بائیکرز کی جانب سے امن اور محبت کا پیغام دونوں ممالک کے لیے سود مند ثابت ہوگا، اگست کا مہینہ جس میں پاکستان کا وجود عمل میں آیا اور ایران وہ ملک ہے، جس نے سب سے پہلے پاکستان کو تسلیم کیا، اُنہوں نے کہا کہ اس بائیک ریلی سے دنیا بھر میں پاکستان کے امن اور آشتی کا پیغام جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 808705

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/808705/پاکستان-سے-ایران-جانیوالی-پہلی-بین-الاقوامی-یار-ایران-لاہور-تہران-موٹر-بائیک-ریلی-کا-ملتان-میں-شاندار-استقبال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org