0
Saturday 3 Aug 2019 22:26

گلگت، ڈپٹی اسپیکر اور صوبائی وزیر کی انٹرنیٹ سروس بہتر نہ ہونیکی صورت میں سڑکوں پر آنے کی دھمکی

گلگت، ڈپٹی اسپیکر اور صوبائی وزیر کی انٹرنیٹ سروس بہتر نہ ہونیکی صورت میں سڑکوں پر آنے کی دھمکی
اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی اسپیکر جی بی اسمبلی اور صوبائی وزیر تعمیرات نے جی بی میں انٹرنیٹ کی سروس بہتر نہ ہونے پر سڑکوں پر آنے کی دھمکی دیدی۔ ایک مشترکہ بیان میں ڈپٹی سپیکر جعفراللہ خان اور وزیر تعمیرات عامہ ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ کی حالت انتہائی خراب اور تشویشناک ہے۔ اس جدید دور میں جب دنیا 5G کی طرف جا رہی ہے، جی بی کے لوگ کئی سالوں سے 3G کے لئے ترس رہے ہیں۔ یہ مسئلہ کئی مرتبہ ایس سی او حکام کے ساتھ اٹھایا گیا مگر یہ لوگ ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے پڑھے لکھے نوجوان تنگ آچکے ہیں اور روز بروز یہ پریشانی بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس سی او کو ختم کر کے دوسرے صوبوں کی طرح پرائیویٹ کمپنیوں کو یہاں کام کرنے کی اجازت دی جائے تا کہ اس علاقے میں بھی ترقی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس دور میں انٹرنیٹ کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، یہ مسئلہ اگر فوری حل نہ ہوا تو وہ خود عوام کو سڑکوں پر لانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ یاد رہے کہ گلگت بلتستان میں تھری جی اور فور جی فراہم سروس پاک فوج کے ذیلی ادارے سپیشل کمیونیکشن آرگنائزیشن فراہم کر رہی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ سے حکم امتناعی کے ذریعے دیگر نجی کمپنیوں کو جی بی میں فور جی سروس چلانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ کی سروس انتہائی ناقص ہے، کئی مرتبہ نوجوان اور سول سوسائٹی کے افراد احتجاجی مظاہرہ بھی کر چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 808728
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش