QR CodeQR Code

کنٹرول لائن پر عام شہریوں پر بمباری بھارتی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے، محمد حسین محنتی

3 Aug 2019 23:38

اپنے بیان میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشتگردی کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل اور عالمی برادری کو مظالم سے آگاہ کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے آزاد کشمیر پر بھارتی فوج کی بمباری اور بڑے پیمانے پر کلسٹر بموں کا استعمال، عوام کے جانی اور مالی نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت 7 لاکھ فوج کی درندگی، انسانیت سوز مظالم اور پلیٹ گنوں کے ذریعے نوجوانوں، بچوں کو بینائی سے محروم، خواتین کی بے حرمتی کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم کرنے میں ناکامی کے بعد ایل او سی پر عام شہریوں پر بمباری بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔ اپنے بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا فرض ہے کہ آپس میں دست و گریباں ہونے کی بجائے اس وقت کشمیری کی سنگین صورتحال پر دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس بلاکر بھارتی ریاستی دہشتگردی کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل اور عالمی برادری کو مودی سرکار کی درندگی اور بربریت اور کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم سے آگاہ کیا جائے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ کشمیر کے عوام کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے، گورنر راج نافذ ہونے کی باوجود کشمیر میں بڑے پیمانے پر بھارتی فوج کی جنگی کاروائیاں، ائرفورس کو الرٹ کرنے، عوام کو راشن جمع کرنے جیسے اقدامات سے کشمیر کی تحریک کو ختم نہیں کیا جا سکتا، نہ ہی کشمیریوں کو اپنے حق خودارادیت کے حق سے محروم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج کی دہشتگردی اور ایل او سی پر بمباری کے نتائج انتہائی بھیانک ہونگے، عالمی طاقتیں، اقوام متحدہ فوری طور پر کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لیکر بھاری جنگی جرائم اور مودی سرکار کے جنگی جنون کو لگام، کشمیریوں کیخلاف بھارتی جارحیت کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کو بھی بین الاقوامی فورم پر بھارتی دہشتگردی اور جنگی جرائم کو بے نقاب کرنے کیلئے مؤثر سفارتکاری کو بروئے کار لانا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 808738

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/808738/کنٹرول-لائن-پر-عام-شہریوں-بمباری-بھارتی-بوکھلاہٹ-کا-نتیجہ-ہے-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org