QR CodeQR Code

سندھ کابینہ نے گھوسٹ پینشنرز کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا

4 Aug 2019 03:03

مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس کے دوران صوبائی کابینہ نے سندھ بینک کے خلاف منفی تاثر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ سندھ حکومت مکمل طور پر سندھ بینک کو اون کرتی ہے، سندھ بینک کو مزید مستحکم کرنے کیلئے فوری طور پر تین ارب روپے سندھ بینک میں انجیکٹ کئے جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ نے گھوسٹ پینشنرز کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، صوبائی کابینہ نے نئے صوبوں کے قیام، حدود میں تبدیلی سے متعلق قومی اسمبلی سے منظور آئینی ترمیم کی مذمت کی جبکہ اس ترمیم کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سندھ بینک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے 3 ارب روپے کی منظوری بھی دی گئی ہے، اجلاس میں کے ای کیخلاف قانونی چارہ جوئی میں متاثرین کو معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جبکہ مقبوضہ کمشیر میں بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر کلسٹر بم کے استعمال پر کابینہ نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پینشنرز کی بائیومیٹرک ہوگی تاکہ ان کی توثیق کی جاسکے اور اگر گھوسٹ پینشنرز ہیں تو انہیں ختم کیا جائے۔ پبلک اور پرائیویٹ آرگنائزیشن کو گرانٹ ملتی ہے اس کے میکنزم کیلئے بھی نئے رولز بنائے گئے ہیں، سرکاری ملازمین کو جو قرضے دیئے جاتے ہیں اْن کے لئے بھی گائیڈ لائن بنائی گئی ہے اور رولز میں ترمیم اور تبدیلی شفافیت کیلئے کی گئی ہے۔ سندھ کابینہ کے اجلاس میں سندھ بینک کو سندھ لیزنگ کمپنی میں ضم کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ لیزنگ کمپنی کے انضمام میں تاخیر جاری آڈٹ کے باعث ہورہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت جن اداروں کو گرانٹس دیتی ہے، اگر وہ اپنے اکاؤنٹ سندھ بینک میں کھولیں تو بینک کی مالی حالت بہتر ہوجائے گی۔

سندھ کابینہ نے کہا کہ جن اداروں کو بھی گرانٹ دی جائی گی وہ سندھ بینک میں اکاؤنٹ کھولیں اور سندھ بینک کو فنڈز کی اس وجہ سے ضرورت ہے کہ جن اداروں نے سندھ بینک سے قرضہ لیا تھا اْن کے اکاؤنٹس منجمد ہوگئے ہیں، اب سندھ بینک کو قرضوں کی واپسی رْک گئی ہے، اجلاس میں سندھ بینک کے بورڈ کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ بینک ایک بہترین بینک ہے جسے ہم مزید بہتر بنائیں گے۔ کابینہ نے سندھ بینک کے خلاف منفی تاثر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ سندھ حکومت مکمل طور پر سندھ بینک کو اون کرتی ہے، سندھ بینک کو مزید مستحکم کرنے کیلئے فوری طور پر تین ارب روپے سندھ بینک میں انجیکٹ کئے جائیں گے۔ کابینہ نے پراسیکیوٹر جنرل کا استعفیٰ منظور کرکے ڈاکٹر فیاض شاہ کو نئے ایڈووکیٹ جنرل مقرر کرنے کی منظوری دیدی، اجلاس میں تھر کے علاقے اسلام کوٹ تحصیل کے چار ہزار سات سو خاندانوں کو 100 یونٹ مفت دیئے جائیں گے، کابینہ نے اسلحہ لائسنس کی تجدید میں چھٹی مرتبہ توسیع کرتے ہوئے 31 اگست 2019ء تک کمپیوٹرائزڈ نہ کرانے والوں کے اسلحے چھیننے کی منظوری بھی دیدی ہے۔ کابینہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کلسٹر بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے بھارتی سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔


خبر کا کوڈ: 808753

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/808753/سندھ-کابینہ-نے-گھوسٹ-پینشنرز-کو-ختم-کرنے-کا-فیصلہ-کرلیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org