0
Sunday 4 Aug 2019 08:48

پاکستان کا مستقبل جمہوریت اور قانون کی بالادستی کے موثر نظام سے وابستہ ہے، سردار مسعود

پاکستان کا مستقبل جمہوریت اور قانون کی بالادستی کے موثر نظام سے وابستہ ہے، سردار مسعود
اسلام ٹائمز۔ نوجوانوں کو ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیتے ہوئے آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت، قانون کی بالا دستی، شفافیت اور جوابدہی کے موثر نظام سے وابستہ ہے جس کے لئے ملک کے نوجوانوں کو تیار کرنا ہو گا۔ یہ بات انہوں نے یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کی وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری اور ”پائیدار ترقی کے اہداف اور نواجوانوں کی ذمہ داریاں“ کے موضوع پر قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اور یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کے بانی چیئرمین رضواب جعفر نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے چاروں صوبوں سے نوجوانوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

سردار مسعود خان نے یوتھ پارلیمنٹ کے قائدین پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو ملک کے پارلیمانی جمہوری نظام کے خدوخال بتانے کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے ان کے فرائض سے بھی آگاہ کریں تاکہ وہ ملک کے ذمہ دار شہری اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کے لئے قائدانہ کردار ادا کرنے کے قابل بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو یہ سمجھانے کی ضرورت ہے کہ مثالی حکمرانی (گڈگورننس) کے بغیر پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک صرف اسی صورت میں بنایا جا سکتا ہے جب ملک میں قانون کی حکمرانی ہو، کار حکومت میں شفافیت ہو اور ہر شہری میں احساس جوابدہی موجود ہو۔ صدر آزادکشمیر نے اقوام متحدہ کی طرف سے پائیدار ترقی کے اہداف پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو یہ عزم کرنا ہو گا کہ 2030ء تک پاکستان میں غربت کا خاتمہ کرنا ہے، صحت، تعلیم اور دوسری بنیادی سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے برابر لانا ہے اور ملک کو معاشی و اقتصادی طور پر دنیا کے پہلے دس ملکوں کی صف میں لا کھڑا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں 2030ء سے قبل وطن عزیز سے ناصرف بھوک، بے روزگاری اور ناخواندگی کے چیلنجز سے کامیابی کے ساتھ نمٹنا ہے بلکہ صحت کی بہترین سہولتیں، معیاری تعلیم، صنفی برابری، پینے کے صاف پانی کی دستیابی، باعزت روزگار، بنیادی انفراسٹرکچر اور ترقی کے لئے بلاامتیاز مواقعوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ محنت، لگن اور دلجمعی سے تعلیم حاصل کر کے ناصرف پاکستان کے بہترین شہری بنیں بلکہ عالمی شہری بننے کے لئے بھی اپنے اندر تمام ضروری اوصاف پیدا کریں تاکہ وہ دنیا میں اپنے ملک کا نام اور مقام پیدا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے جوہری صلاحیت کا حامل ملک بن چکا ہے جس کی وجہ سے دشمن اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا لیکن ہمارا ایٹمی طاقت بننا کافی نہیں ہے ہمیں معاشی طاقت بھی بننا ہے اور اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کر کے پاکستان کو ناقابل تسخیر قوت بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نوجوان اپنے سر کٹوا کر پاکستان کی بقاء و سلامتی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور پاکستان اور آزادکشمیر کے نوجوانوں کے لئے ایک مثال قائم کر رہے ہیں۔ ہمیں تعلیم و خوشحالی کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں کی آواز بن کر بھارت کی طرف سے ان پر ڈھائے جانے والے مظالم سے بھی دنیا کو آگاہ کرنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 808772
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش