0
Sunday 4 Aug 2019 15:04

یوم شہداء پولیس، لاہور بھر میں تقریبات، شہداء کو خراج عقیدت پیش

یوم شہداء پولیس، لاہور بھر میں تقریبات، شہداء کو خراج عقیدت پیش
ہمارے سُکھ کیلئے اپنی جانوں سے گزر جانیوالے، جرم اور دہشتگردی کے مقابل وطن کی خاطر لہو کا نذرانہ پیش کرنیوالے، پاسبانِ چمن پولیس کے جانباز شہداء کو خراج تحسین، آج ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی یوم شہدائے پولیس نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ شہر لاہور کا منظر نامہ مال روڈ پر کیپٹن سید احمد مبین رضوی شہید کی جانبازی سے لیکر داتا دربار دھماکے شہداء کی سرشاری تک اک داستانِ خونچکاں کا امین ہے۔ شہدا کے پاک لہو کی بوندوں سے سجی وطن سے عشق محبت اور قربانی کی اس سچی کِتھا کے ہیرو ہمارے شہدا ہیں۔ دہشتگرد حملوں میں سینہ سپر لاہور پولیس کے شیردل جوان، آج واقعی تحسین خراج اور اظہارِ عقیدت کے مستحق ہیں، کہ جب جب آگ کا دریا بہا اور خون کی ہولی کھیلی گئی تو زمین پر لہو کی پہلی بوند ہمارے انہی جانبازوں کی ہی گری۔

یوم شہدا پر اعلیٰ پولیس افسران نے سرگرمیوں کا آغاز شہداء کی قبروں پر حاضری سے کیا۔ ڈی آئی جی آپریشن اشفاق خان اور ایس پی کینٹ صفدر رضا کاظمی نے باغبانپورہ میں سانحہ ارفع کریم کے شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور خراج تحسین پیش کیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید، سی سی پی او بی اے ناصر، تمام ڈویژنل ایس پیز نے بھی شہداء کی قبروں پر حاضری دی۔ سی ٹی او ٹریفک پولیس کیپٹن (ر) لیاقت ملک نے سانحہ مال میں شہید کیپٹن (ر) سید احمد مبین کی قبر پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کے ہمراہ شہید افسر کو خراج تحسین پیش کیا۔

یوم شہداء پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں پولیس فورس کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء کی قربانیوں کو قوم کیلئے باعث فخر قرار دیا۔ پولیس شہداء فورس کا فخر، ماتھے کا جھومر اور امتیاز کی علامت ہیں، انہیں بھولا جا سکتا ہے نہ ان کی قربانیوں کو نظرانداز کیا جا سکتا ہے، ہر گھڑی شہدا کی یاد سے دل نور اور آنکھیں منور رہیں یہی ہمارا سرمایہ افتخار ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس کے شہداء کے دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہدا نے اپنی قیمتی جانیں ملک میں امن کے لئے قربان کیں، قوم پولیس کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

سردار عثمان بزدار نے کہا پولیس کے شہداء نے اپنے خون سے بہادری و جرات کی تاریخ رقم کی ہے اور پولیس شہداءکا قیمتی لہو وطن کو امن کا گہوارہ بنانے کی جدوجہد میں شامل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں ملک میں امن آیا ہے، پولیس کے شہداء ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پُرامن پاکستان کے عظیم مقصد کی خاطر اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء قوم کے ہیروز ہیں۔
خبر کا کوڈ : 808845
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش