0
Sunday 4 Aug 2019 19:31

میلاد منانے والے پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، دفاع وطن پر جان بھی قربان کر دینگے، رکن الدین حامدی

میلاد منانے والے پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، دفاع وطن پر جان بھی قربان کر دینگے، رکن الدین حامدی
اسلام ٹائمز۔ مرکزی میلاد کمیٹی شاہ رکن عالم ٹاؤن کے زیراہتمام جشن آزادی کے سلسلہ میں منعقد ہونیوالا تیسرا سالانہ آزادی مارچ میلاد چوک شاہ رکن عالم کالونی سے شروع ہوکر گلشن مارکیٹ نیو ملتان چوک پر اختتام پذیر ہوا۔ آزادی مارچ کی قیادت مرکزی میلاد کمیٹی کے صدر رکن الدین ندیم حامدی اور دیگر قائدین نے کی، جبکہ علمائے کرام، مشائخ عظام کے علاوہ راؤ محمد عارف رضوی، مسعود خالد علوی، حافظ منظورالہی، ثمر حامدی، قاری غلام شبیر سواگی، میجر محمد اقبال چغتائی، علامہ عبدالرزاق حامدی، علامہ غلام حبیب سعیدی، علی سخنور، بشارت عباس قریشی، راؤ مظہر الاسلام، چوہدری حامد ارائیں، راؤ عبدالقیوم شاہین، ڈاکٹر طیب ملک، شاہ محمد خان ناصر، احسان سعیدی، سجاد نقشبندی، مرزا ارشد القادری، قاری توفیق حامدی، علامہ قاری ابوبکر عثمان الازہری، محبوب علی قادری، شہزاد غوری، شیخ عبدالحمید، قاری اعجاز عطاری، ساجد قادری، غلام حسین فریدی، عبدالرزاق حامدی، محمد فیاض حامدی، ادریس ثنا، محمد اکرم پنڈا، حافظ راؤ شرافت علی، راؤ لیاقت علی، مسیحی رہنما سیمسن سلامت، ہائی سینٹ پیٹرو دیگر بھی شامل تھے۔

آزادی مارچ میں حب الوطنی کے جذبے سے سرشار معروف سیاسی و سماجی شخصیات اور ہر طبقہ ہائے فکر سے متعلقہ لوگوں نے شرکت کی، آزادی مارچ میں قائدین کے علاوہ معصوم بچوں اور دیگر سینکڑوں شرکاء نے جناح کیپ پہن کر شرکت کی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی نشانی جناح کیپ کو پہننے کی روایت کو زندہ کرنے کا عزم کیا، آزادی مارچ میں خصوصی ٹرک پر ملی ترانے عوام کا جوش گرماتے رہے جبکہ شرکائے مارچ کا جذبہ دیدنی تھا، آزادی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی میلاد کمیٹی کے صدر رکن الدین ندیم حامدی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی صورت میں ہمیں ایک عظیم نعمت سے نوازا ہے، آج پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں پر حملے کیے جا رہے ہیں مگر ہم بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان ہمارے آباؤ اجداد نے بنایا اور میلاد منانے والے ہی آج اس کی نظریاتی سرحدوں کا تحفظ کریں گے۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنما راؤ عارف رضوی اور مرزا ارشد القادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، دشمن ہمیں کمزور نہ سمجھے، ہمارے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، دشمن ملک کشمیر میں ظلم وستم بند کرے ورنہ اپنے انجام کیلئے تیار رہے، دیگر علما ؤ زعماء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان لاکھوں جانوں کی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے، قیام پاکستان کیلئے قربانیاں دینے والے ہی اصلی قومی ہیرو ہیں، آج جشن آزادی کے موقع پر پوری قوم اپنے قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، ہم پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے خلاف ہونیوالی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور نظریاتی سرحدوں پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 808870
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش