0
Sunday 4 Aug 2019 20:41
پاکستانی قوم بھارتی جارحیت کیخلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے، طاہر اشرفی

مذہبی و سیاسی جماعتوں کا 9 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان

کیمیکلز اور کلیسٹر بموں کا استعمال بھارتی شکست اور سفاکیت کی علامت ہے
مذہبی و سیاسی جماعتوں کا 9 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان علماء کونسل لاہور کے زیراہتمام لاہور پریس کلب میں ہونیوالی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر و مذاہب اور مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کیخلاف اسلامی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ کو ہنگامی اقدامات کرنے ہوں گے، 9 اگست کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا، انڈیا عالمی امن سے کھیلنا چاہتا ہے، بھارتی جارحیت کا نتیجہ ڈیڑھ ارب انسانوں کیلئے ہی نہ صرف خطرات پیدا کر رہا ہے بلکہ دنیا کے امن کو بھی سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، پاکستانی قوم بھارتی جارحیت کیخلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے، کیمیکلز اور کلیسٹر بموں کا استعمال بھارتی شکست اور سفاکیت کی علامت ہے، کشمیری عوام تنہا نہیں پورا پاکستان مظلوم کشمیری عوام کیساتھ ہے۔

پاکستان علماء کونسل اور وفاق المساجد و المدارس پاکستان کے صدر حافظ طاہر اشرفی، مولانا اسد اللہ فاروقی، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، فادر ندیم فرانسز، پادری شاہد معراج، مولانا محمد اشفاق پتافی، علامہ زبیر عابد، مولانا زبیر زاہد، مولانا شمس الحق، مولانا محمد اسلم قادری، مولانا عبدالقیوم فاروقی، مولانا احسان احمد الحسینی، مولانا زبیر کھٹانہ، مولانا عثمان غنی، قاری مبشر رحیمی اور دیگر نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، ہندوستانی جارحیت میں مسلسل اضافہ کے ساتھ ظلم و ستم کا سلسلہ بڑھ رہا ہے، ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے بے گناہ انسانوں پر کیمیکلز اور کلیسٹر بموں کا استعمال عالمی برادری سے فوری مداخلت کرنے کا تقاضا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی جارحیت کیخلاف فوری طور پر اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے اور حکومت برادر اسلامی ممالک اور عالمی دنیا کو کشمیر اور کنٹرول لائن کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی کیلئے فوری طور پر وفود ارسال کرے۔ رہنمائوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور تمام غیر مسلم مذاہب کے قائدین سیاسی و مذہبی جماعتیں کسی بھی بیرونی جارحیت کیخلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں اور کسی بھی مقبوضہ کشمیر کے ایسے حل کو قبول نہیں کیا جا سکتا جو کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل مختلف اسلامی ممالک کے قائدین اور اسلامی تعاون تنظیم کے ساتھ رابطہ کر رہی ہے اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر عالم اسلام خاموش نہیں رہ سکتا۔

ایک سوال کے جواب میں حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر دوبارہ نمایاں ہوا ہے ہندوستان کو عالمی برادری کی بات کو سننا ہو گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کے سلامتی کے اداروں پر پوری قوم کا اعتماد ہے، الزام تراشی کرنیوالوں کی کوئی حیثیت نہیں، یہ وقت اتحاد کا ہے اور قومی اتحاد کو کوئی بھی نقصان نہیں پہنچا سکتا، سیاسی و فروعی اختلافات کو اس وقت ہوا دینے والے ملک و قوم کے دوست نہیں ہو سکتے، کشمیریوں کی نسل کشی کو روکنے کیلئے ہر سطح پر کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کشمیری رہنما سید علی گیلانی کے پیغام کے جواب میں کہا کہ اے اہل کشمیر پوری امت مسلمہ اور امن کا حامی ہر شخص تمہارے ساتھ ہے، ہم تمہیں تنہا نہیں چھوڑ سکتے، کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔
خبر کا کوڈ : 808886
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش