0
Sunday 4 Aug 2019 20:48

بھارت خطے کو آگ کی جنگ میں جھونکنا چاہتا ہے، سراج الحق

بھارت خطے کو آگ کی جنگ میں جھونکنا چاہتا ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر پر حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کا ایک ہی موقف ہے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے، ہم مسئلہ کشمیر پر اسی ثالثی کو تسلیم کریں گے جو کشمیر میں استصواب رائے کرانے اور کشمیری قوم کو حق خود ارادیت دینے کے لیے ہو ۔ حکومت پوری جرات کے ساتھ اقوام متحدہ میں اس مسئلے کو اٹھائے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے مستقل نائب وزیر خارجہ مقرر کیا جائے۔ بھارت کنٹرول لائن پر کلسٹر بموں سے بڑی تباہی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ بین الاقوامی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ دنیا بھر کے پاکستانی سفارتخانوں میں کشمیر کے لیے ایک الگ ڈیسک قائم کیا جائے۔ جماعت اسلامی اسلام آباد میں کشمیر پر عالمی کانفرنس بلائے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں ہونیوالے اوورسیز پاکستانیوں کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں دنیا کے 20 مختلف ممالک کے اوورسیز پاکستانیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی و ڈائریکٹر امور خارجہ عبدالغفار عزیز اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی موجود تھے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سید علی گیلانی نے عالمی برادری خاص طور پر عالم اسلام کو خبر دار کیا ہے کہ بھارت کشمیر میں بڑے پیمانے پر مسلمانوں کا قتل عام کرنے جا رہا ہے۔ بھارت نے کشمیر میں اپنی فوج کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ تباہ کن اسلحہ کے انبار لگا لیے ہیں۔ بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے لاکھوں ہندوﺅں کو لا کر بسا رہا ہے۔ بھارت خطے کو آگ کی جنگ میں جھونکنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر پر کسی ایسے موقف کو تسلیم نہیں کریں گے جو بھارت کی خواہش پر اختیار کیا گیا ہو اور جس سے کشمیر میں سٹیٹس کو قائم رہے۔ ایسا سوچنا بھی کشمیریوں کے ساتھ غداری ہوگا۔ مسئلہ کشمیر کا ایک ہی حل ہے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔

سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت او آئی سی کا اجلاس بلا کر مسلم ممالک کی طرف سے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی ریکوزیشن دے ۔حکمرانوں کو مسئلہ کشمیر کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا اور مذمتی بیان سے آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ہم زندگی کے آخری لمحہ اور خون کے آخری قطرہ تک کشمیریوں کا ساتھ دیں گے۔ قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ بھارت 70 سال سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کچلنے کی ناکام کوششیں کر رہا ہے۔ آج کشمیر میں سات سال کے بچے سے 80 سال کے بوڑھے تک جدوجہد آزادی میں شریک ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر بھارت نے کشمیر سے آنے والا پانی بند کردیا تو پاکستان ریگستان میں تبدیل ہو جائے گا اور یہاں کے لاکھوں لوگ ایک بار پھر ہجرت پر مجبور ہو جائیں گا۔
خبر کا کوڈ : 808889
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش