QR CodeQR Code

دہشتگردی کی کمر پولیس کی وجہ سے ٹوٹی، بلاول بھٹو زرداری

4 Aug 2019 23:08

لاڑکانہ میں یوم شہدائے پولیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کی پولیس دہشتگردی کے خلاف فرنٹ مین فورس ہے، پولیس نے دہشتگردوں کے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی ترجیحات الگ ہیں، پاکستان میں اگر دہشتگردی کی کمر ٹوٹی ہے، تو اس کی وجہ پاکستان کی پولیس ہے، مظلوم اور کمزور کے مدد کی ذمہ داری حکومت کی ہوتی ہے۔ سندھ پولیس لاڑکانہ کی جانب سے پولیس ٹریننگ اسکول میں منعقد 32 پاسنگ آﺅٹ پریڈ اور یوم شہدائے پولیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ جب وفاق میں ہماری حکومت تھی، تو عالمی معاشی بحران کے ساتھ ملک میں دو سیلابوں اور دہشتگردی کا سامنا تھا، اس وقت بھی ہم نے تنخواہیں میں 150 فیصد اضافہ کیا اور فوج کی تنخواہوں کو بھی بڑھایا اور سرکاری ملازمین کی پینشن بھی بڑھائی، لیکن آج کی وفاقی حکومت کی سوچ مختلف ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج عام آدمی پریشان ہے، لیکن پیپلز پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، پیپلز پارٹی کی حکومت سے قبل شمالی سندھ میں ڈاکوؤں کا راج تھا، بلاشبہ سندھ پولیس نے ایک طویل جنگ کے بعد سندھ میں ڈاکوؤں کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پولیس دہشتگردی کے خلاف فرنٹ مین فورس ہے، پولیس نے دہشتگردوں کے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کیا، وفاق ظلم کر رہا ہے، مجھے امید ہے کہ سندھ حکومت عوام کے فلاح و بہبود کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے لاڑکانہ میں پولیس کیڈٹ کالج کے قیام کی درخواست کرتے ہوئے اقدامات کیلئے کہا، جبکہ پولیس شہداء کے لواحقین میں امداد چیکس بھی تقسیم کیے۔


خبر کا کوڈ: 808908

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/808908/دہشتگردی-کی-کمر-پولیس-وجہ-سے-ٹوٹی-بلاول-بھٹو-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org