QR CodeQR Code

ہم پاکستان بنانے والوں کی اولادیں ہیں، ضرورت پڑی تو فوج کے شانہ بشانہ سرحدوں پر لڑیِں گے، مصطفیٰ کمال

5 Aug 2019 01:27

اورنگی ٹاؤن کراچی میں عوامی رابطہ مہم کے موقع پر تقریب سے خطاب میں چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ سرحدوں پر موجود دشمن سے پوری قوم لڑنے کے لئے تیار ہے، لیکن ملک پر مسلط نااہل حکمران انہیں یہ نوبت آنے سے پہلے ہی فاقے کروا کر مارنا چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین اور سابق ناظم کراچی سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو بھارت کے خلاف پاکستانی افواج کے شانہ بشانہ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے گریز نہیں کریں گے، ہم پاکستان بنانے والوں کی اولادیں ہیں، وقت پڑا تو پاکستان کو بچانے کے لئے بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔  گلشن ضیاء اورنگی ٹاؤن میں عوامی رابطہ مہم کے موقع پر منعقدہ تقریب میں سید مصطفیٰ کمال نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایشیاء کا دوسرا جبکہ دنیا کا سولہواں مہنگا ترین ملک بن چکا ہے، حکمرانوں کے گرد موجود اشرافیہ اور امیر لوگ مزید دولت مند ہوتے جا رہے ہیں جبکہ غریب مزید غربت کی چکی میں پس رہا ہے، حکومت نے مڈل کلاس تقریباً ختم کر کے رکھ دی ہے جس کا ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوگا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سرحدوں پر موجود دشمن سے پوری قوم لڑنے کے لئے تیار ہے، لیکن ملک پر مسلط نااہل حکمران انہیں یہ نوبت آنے سے پہلے ہی فاقے کروا کر مارنا چاہتے ہیں، ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت عملی اور صحیح سمت میں محنت کرنے کی ضرورت ہے، سرحدی محاذ کو افواج پاکستان نے بھرپور طریقے سے سنبھالا ہوا ہے جبکہ معاشی محاذ پر ہمیں حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ناکامیوں کا سامنا ہے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سو سے زائد کارکنان نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔


خبر کا کوڈ: 808923

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/808923/ہم-پاکستان-بنانے-والوں-کی-اولادیں-ہیں-ضرورت-پڑی-فوج-کے-شانہ-بشانہ-سرحدوں-پر-لڑی-ں-گے-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org