QR CodeQR Code

بھارت کا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے دو حصوں میں تقسیم کرنے کا اعلان

5 Aug 2019 11:21

مقبوضہ کشمیر اب ریاست نہیں بلکہ وفاقی اکائی کہلائے گی جس کی قانون ساز اسمبلی ہو گی۔ مودی سرکار نے مقبوضہ وادی کو 2 حصوں میں بھی تقسیم کرتے ہوئے وادی جموں و کشمیر کو لداخ سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مودی سرکار نے صدارتی فرمان جاری کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کر دیا ہے۔ بھارتی آئین میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہو گئی ہے، مقبوضہ کشمیر اب ریاست نہیں بلکہ وفاقی اکائی کہلائے گی جس کی قانون ساز اسمبلی ہو گی۔ مودی سرکار نے مقبوضہ وادی کو 2 حصوں میں بھی تقسیم کرتے ہوئے وادی جموں و کشمیر کو لداخ سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لداخ کو وفاق کا زیرانتظام علاقہ قرار دیا جائے گا اور اس کی بھی قانون ساز اسمبلی ہو گی۔ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پارلیمنٹ راجیہ سبھا میں خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کرنے کا بل پیش کیا تھا۔ اجلاس کے دوران بھارتی اپوزیشن نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شدید احتجاج کیا۔ اس آرٹیکل کے تحت کشمیریوں کو کچھ حقوق حاصل تھے اور اس کے ختم ہونے سے اب کشمیری ان چند حقوق سے بھی محروم ہو جائیں گے، جبکہ مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی حیثیت ختم ہو جائے گی اور وہاں غیرمسلموں اور غیر کشمیریوں کو بسایا جائے گا۔ بھارت کے آئین کی دفعہ 370 کے تحت ریاست جموں کشمیر کو وفاق میں ایک خصوصی حیثیت حاصل ہے۔ اس دفعہ کے تحت مقبوضہ کشمیر کو اپنا آئین بنانے کی اجازت ہے اور متعدد معاملات میں بھارتی وفاقی آئین کا نفاذ جموں کشمیر میں منع ہے۔ آرٹیکل کے تحت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے سوا بھارت کا کوئی بھی شہری یا ادارہ جائیداد نہیں خرید سکتا جبکہ صنعتی کارخانے اور ڈیم کے لیے اراضی بھی حاصل نہیں کی جا سکتی۔ دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی سے مقبوضہ کشمیر کی آبادیاتی، جغرافیائی اور مذہبی صورتحال یکسر تبدیل ہو جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 808969

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/808969/بھارت-کا-مقبوضہ-کشمیر-کی-خصوصی-حیثیت-ختم-کرکے-دو-حصوں-میں-تقسیم-کرنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org