0
Monday 5 Aug 2019 18:57

مسئلہ کشمیر کا حل ہی خطے میں امن کی ضمانت بن سکتا ہے، شاہ اویس نورانی

مسئلہ کشمیر کا حل ہی خطے میں امن کی ضمانت بن سکتا ہے، شاہ اویس نورانی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر بھارت کی کلسٹر بموں کی بمباری امن دشمنی کا بدترین مظاہرہ ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری پاکستان کیخلاف بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔ بھارت آئے روز کنٹرول لائن پر فائرنگ اور گولہ باری کے ذریعے شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ کنٹرول لائن پر بھارتی گولہ باری جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بزدل حکومت کی بزدلانہ پالیسیوں کی وجہ سے بھارت پاکستان کیخلاف جارحیت کی جرات کر رہا ہے۔ حکومت بھارت کیخلاف عالمی سطح پر آواز اٹھانے میں ناکام ہو چکی ہے۔ بھارتی گولہ باری کے نتیجے میں شہید اور زخمی ہونیوالے شہریوں کے خاندانوں کیساتھ یکجہتی، ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ بھارت برصغیر کا بھیڑیا بن چکا ہے، حکومت بھارت کیساتھ پیار کی پینگیں بڑھانے کی بجائے بھارت کو منہ توڑ جواب دے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں جے یو پی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ بھارتی جنگی جنون پورے خطے کے امن کیلئے خطرہ بنا ہوا ہے، کنٹرول لائن پر بھارتی گولہ باری کے تسلسل پر اقوام متحدہ کی خاموشی افسوسناک ہے، کنٹرول لائن کے قریب رہنے والے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ بھارتی حکمرانوں پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلنا چاہئے۔ مسئلہ کشمیر کا حل ہی خطے میں امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنا ہے۔ وادی کشمیر انسانی حقوق کی پامالی کا دہکتا دوزخ بن چکی ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی ناپاک کوششوں میں مصروف ہے۔ بھارت نے پوری وادی کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 809036
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش