QR CodeQR Code

لبنان میں صیہونی جاسوس گرفتار

6 Aug 2019 15:40

لبنان کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے اعلان کے مطابق لبنان میں گرفتار ہونے والے اسرائیلی جاسوس کا مشن اسلامی مزاحمتی تحریک "حزب اللہ" میں نفوذ پیدا کرکے اہم معلومات اکٹھی کرنا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ لبنان کی سکیورٹی سروسز نے اسرائیل کی طرف سے تعینات کردہ جاسوس گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لبنان کی نیشنل سکیورٹی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ لبنانی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں لبنان کے اندر گرفتار ہونے والے اسرائیلی جاسوس کا مشن اسلامی مزاحمتی تحریک "حزب اللہ" میں نفوذ پیدا کرکے  اہم معلومات اکٹھی کرنا تھا۔ گرفتار شدہ اسرائیلی جاسوس کی عمر 41 سال اور شہریت لبنانی ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات میں اس نے اعتراف کر لیا ہے کہ وہ سال 2001ء سے صیہونی انٹیلیجنس کا ملازم ہے جبکہ اس کا مشن "حزب اللہ" میں اثر و نفوذ پیدا کرکے اسرائیلی پائلٹ "رون آراد" کے بارے میں اطلاعات اکٹھا کرنا تھا۔ لبنانی نیشنل سکیورٹی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ تفتیش اور تحقیق کے مراحل گزارنے کے بعد یہ جاسوس قانون کے حوالے کر دیا جائے گا۔

لبنانی نیشنل سکیورٹی کونسل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار شدہ اسرائیلی جاسوس نے لبنان کے اندر اپنی ایک ٹیم تشکیل دے رکھی تھی، جس کے افراد کو کھوج لگا کر گرفتار کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی پائلٹ "رون آراد" کا جنگی جہاز 1985ء میں لبنان کے جنوبی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جبکہ اس پائلٹ کی طویل گمشدگی اسرائیلی انٹیلیجنس کے ماتھے پر کلنک کے ٹیکے کے مترادف ہے۔ دوسری طرف اسرائیل نے بھی عرصۂ دراز سے لبنان کے اندر عوامی فلاحی تنظیموں کے روپ میں جاسوسی کے جال بچھانے کی متعدد کوششیں کی ہیں، جنہیں ہر بار سکیورٹی اداروں کی طرف سے ناکام بنا دیا جاتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 809193

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/809193/لبنان-میں-صیہونی-جاسوس-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org