0
Tuesday 6 Aug 2019 20:46

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، پاکستان عوامی تحریک

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، پاکستان عوامی تحریک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ، سینیئر نائب صدر ڈاکٹر زبیر اے خان، سیکرٹری جنرل سردار سیف اللہ خان سدوزئی ایڈووکیٹ اور مرکزی میڈیا کوارڈینیٹر رائو محمد عارف رضوی نے کشمیر کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی پارلیمنٹ کا کشمیر کی انتظامی حیثیت تبدیل کرنے کیلئے آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں کی خلاف ورزی پر نوٹس لینا چاہیئے، بھارت کے اس اقدام سے خطے میں امن و امان کی صورتحال تہہ و بالا ہوگی، یہ اقدام کشمیری عوام کے حقوق سلب کرنے کے مترادف ہے، جس کو کسی بھی صورت تسلیم نہیں کیا جاسکتا، عالمی برادری کو چاہیئے کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیر کی انتظامی حیثیت کی تبدیلی سے خطے کی بگڑی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر توجہ دے اور بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ خطے کا امن برباد نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں پر بھارتی ظلم و بربریت نے اس کی نام نہاد جمہوریت کا پردہ چاک کر دیا ہے، حق خودارادیت کشمیری قوم کا حق ہے، جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے، کشمیری قیادت کی گرفتاری بھی قابل مذمت ہے جبکہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بھاری نفری کی تعیناتی بھارتی مذموم عزائم کو بے نقاب کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم مشکل کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان دنیا کے ہر فورم پر کشمیری قوم کے حقوق کی آواز بلند کرتا رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 809234
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش