0
Tuesday 6 Aug 2019 21:13

ملک بھر کی سرحدی راہداریوں پر انسداد منی لانڈرنگ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل

ملک بھر کی سرحدی راہداریوں پر انسداد منی لانڈرنگ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کسٹمز کے آپریشن ونگ نے ملک بھر کی سرحدی راہداریوں پر منی لانڈرنگ کے سدباب کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جس میں ایف آئی اے، سی ٹی ڈی اور ایف سی کے نامزد کردہ نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز کے آپریشن ونگ نے ملک بھر میں پاکستان کی سرحدی راہداریوں پر منی لانڈرنگ اور غیر قانونی طور پر آنے والی کرنسی، جو کہ دہشتگردی غیر قانونی تجارت اور کرپشن کا معاون ذریعہ بنتی ہے، کے سدباب اور بیخ کنی کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ اس سلسلے میں ایک حکم نامہ کے ذریعہ ملک بھر کے ساتوں داخلی اور خارجی راستوں جن میں طورخم، غلام خان، کھرلاچی، ٹانک، چمن، تافتان اور واہگہ بارڈر شامل ہیں، وہاں پر متعلقہ کلکٹریٹ اور ڈائریکٹوریٹ کے عملہ پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

اسی ضمن میں وفاقی وزیر برائے اکنامک ڈویژن کی مشاورت سے یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کے خلاف قائم ان خصوصی ٹیموں کو مزید مؤثر بنانے کیلئے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں جن میں ایف آئی اے، سی ٹی ڈی اور ایف سی کے نامزد کردہ نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے، تاکہ ان محکموں کے ذریعہ بوقت ضرورت منی لانڈرنگ کے خلاف تحقیقات اور دیگر قانونی معاملات میں معاونت اور مدد حاصل کی جا سکے اور سرحد پار سے آنے اور جانے والے لوگوں اور خصوصی طور پر کرنسی کی غیر قانونی منتقلی کی روک تھام اور نگرانی کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جا سکے۔ قائم کردہ ہر ٹیم میں ایک فوکل پرسن بھی مقرر کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 809238
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش