0
Wednesday 7 Aug 2019 19:44

امریکہ اور طالبان کے درمیان چند روز میں ڈیل فائنل ہو جائیگی

امریکہ اور طالبان کے درمیان چند روز میں ڈیل فائنل ہو جائیگی
اسلام ٹائمز۔ اگلے چند روز میں طالبان اور امریکہ کے درمیان ہونے والی ممکنہ ڈیل کو حتمی شکل دی جائے گی۔ طالبان کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ دنوں میں طالبان امریکہ کے ساتھ ہونے والی ڈیل کی دستاویز پہ دستخط کرنے لگے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے انکشاف کیا کہ دوحہ میں ہونے والے امن مذاکرات تیزی سے کامیابی کی جانب بڑھ رہے ہیں اور یہ مذاکرات اسی رفتار سے چلتے رہے تو کچھ ہی دنوں میں امن معاہدے پر دستخط ہونے کے امکانات ہیں۔ ترجمان سہیل شاہین نے مزید بتایا کہ مذاکرات کے فریقین اب آخری نکات پر بات چیت کر رہے ہیں اور امید ہے چند دنوں میں یہ نکات بھی حل ہو جائیں گے، تمام نکات پر اتفاق ہوجانے کی امید ہے تاہم ہوسکتا ہے کہ کچھ نکات پر اتفاق نہ ہوپائے لیکن ایسی صورت حال میں بھی مذاکرات کے مجموعی مثبت نتائج پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے فریقین کے درمیان زیر بحث آخری نکات سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت نکات کو منظر عام پر لانا درست نہیں ہوگا تاہم اتنا بتاسکتا ہوں کہ یہ نکات معاہدے پر عمل درآمد کے طریقہ کار اور ٹائم فریم سے متعلق ہیں۔ سہیل شاہین نے مزید کہا کہ طالبان شہریوں کو مکمل بنیادی حقوق کی فراہمی کی یقینی دہانی کراتے ہیں اور بالخصوص عورتوں کے بنیادی حقوق، جن میں تعلیم، ملازمت اور کاروبار شامل ہیں کے مواقع فراہم کریں گے، خواتین کو اسلام میں حاصل تمام حقوق مہیا کریں گے۔ امریکا اور طالبان کے درمیان افغان امن مذاکرات میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ آزادانہ طور پر امریکا سے مذاکرات کر رہے ہیں لیکن مذاکرات میں دوسرے ممالک کے کردار کی قدر کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 809427
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب