QR CodeQR Code

سندھ میں متوقع بارشیں، نکاسی آب کیلئے قبل اَز وقت ضروری اقدامات کئے جائیں، مراد علی شاہ

7 Aug 2019 23:18

اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ کو ہدایت کی کہ وہ لوکل باڈیز کے عملے کو الرٹ کردیں، زیادہ تر کراچی، ٹھٹھہ، بدین کی ساحلی پٹی اور حیدرآباد کے چند حصے متاثر ہوں گے لہٰذا کے ایم سی، ڈی ایم سیز، واٹر بورڈ، متعلقہ ڈپٹی کمشنرز، ایچ ڈی اے، ایچ ایم سی، واسا کو لازمی طور پر فعال ہونا چاہیئے


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں آئندہ چند روز میں ہونے والی متوقع بارشوں سے پیدا ہونے والے مسائل حل کیلئے ضروری اقدامات پہلے سے کئے جائیں، صوبائی وزیر بلدیات سندھ، بلدیاتی حکام، کمشنر کراچی اور تمام ڈپٹی کمشنرز بارش کے پانی کی نکاسی، لوگوں سے تعاون کیلئے فعال رہیں تاکہ عوام کو پریشانی سے بچایا جاسکے، سندھ حکومت پانی، صفائی منصوبوں کو خاص اہمیت دے رہی ہے، گزشتہ 6 سال میں ترقیاتی کاموں پر 495.04 بلین روپے کے اخراجات ہوئے ہیں، جس میں کراچی کی77 اسکیمز کیلئے 24.65 بلین روپے خرچ ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ  میں صوبے کی ساحلی پٹی میں متوقع شدید بارشوں  کے حوالے سے کی جانے والی تیاری کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سڑکوں کے نیٹ ورک کی بہتری، فلائی اوورز، انڈر پاسز، فلٹر پلانٹس کی اپ گریڈیشن، پمپنگ اسٹیشنز اور بارش کے پانی کے نالوں کی تعمیر کے حوالے سے 40 میگا پروجیکٹس شروع کئے ہیں، 20 میگا اسکیموں پر لاگت کا تخمینہ 15.33 بلین روپے ہے اور یہ اب تک مکمل ہوچکے ہیں، 20 اسکیمیں جن کی لاگت کا تخمینہ 12.474 بلین روپے ہے وہ اے ڈی پی 20ـ2019 میں شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ کو ہدایت کی کہ وہ لوکل باڈیز کے عملے کو الرٹ کردیں، زیادہ تر کراچی، ٹھٹھہ، بدین کی ساحلی پٹی اور حیدرآباد کے چند حصے متاثر ہوں گے لہٰذا کے ایم سی، ڈی ایم سیز، واٹر بورڈ، متعلقہ ڈپٹی کمشنرز، ایچ ڈی اے، ایچ ایم سی، واسا کو لازمی طور پر فعال ہونا چاہیئے، ٹھٹھہ اور بدین کیلئے بھی ہنگامی پلان مرتب کریں جبکہ سکشن مشینوں کیلئے ڈیزل جنریٹرز کے حوالے سے بھی ضروری انتظامات کئے جائیں۔


خبر کا کوڈ: 809470

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/809470/سندھ-میں-متوقع-بارشیں-نکاسی-ا-ب-کیلئے-قبل-ا-ز-وقت-ضروری-اقدامات-کئے-جائیں-مراد-علی-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org