0
Wednesday 7 Aug 2019 23:31

بھارت حقیقی معنوں میں جنوبی ایشیاء کا اسرائیل ہے، علامہ باقر عباس زیدی

بھارت حقیقی معنوں میں جنوبی ایشیاء کا اسرائیل ہے، علامہ باقر عباس زیدی
اسلام ٹائمز۔ بھارت جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرکے خطے کو آگ و خون کے سمندر میں جھونک رہا ہے، اگر اقوام عالم نے بھارتی غیر آئینی و غیر اخلاقی اقدامات کو نہ روکا تو کروڑوں انسانوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہونگے، بھارت حقیقی معنوں میں جنوبی ایشیاء کا اسرائیل ہے، جو کہ کشمیریوں پر گذشتہ ستر سالوں سے مظالم ڈھا رہا ہے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں بروز جمعہ یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا، بھارتی جارحیت کے خلاف بعد از جمعہ ملک گیر احتجاجی مظاہرے و ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی، علی حسین نقوی، مولانا صادق جعفری، مولانا علی انور، علامہ مبشر حسن، میر تقی ظفر، مولانا غلام عباس نے وحدت ہاوس سولجر بازار صوبائی دفتر میں اپنی مشترکہ پریس کانفرنس سے کیا۔

علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ ہندوستان کسی بھول کا شکار ہے اور اسرائیلی روش اپنا رہا ہے، جس طرح اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین میں فلسطینی مسلمانوں پر ظلم و ستم اور جبر و استبداد کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے، اسی طرح بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا، کشمیر کے مسلمان اپنی جانوں پر کھیل کر اپنے حقوق کا دفاع کریں گے اور ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائی کی مدد کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، مودی سرکار کو یاد رکھنا چاہیئے، آج ہمارے دفاعی ادارے اور افواج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتے ہیں اور سب سے بڑھ کے مسلمانان پاکستان کے دلوں میں جذبہ جہاد کوٹ کوٹ کے بھرا ہوا ہے، جس کا کوئی توڑ نہیں، ہندوستان، مسلمانان پاکستان کے جذبہ جہاد و شہادت کا مقابلہ نہیں کر سکتا، ہم کٹ مریں گے مگر غلامی اور جبر کو برداشت نہیں کریں گے، حکومت پاکستان کسی دباؤ میں نہ آئے اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی اور حقوق کی حصول کیلئے سفارتی مہم تیز کرے اور مسلم ممالک کو اعتماد میں لے جبکہ داخلی طور پہ بھی اس اہم ایشو پر تمام سیاسی و سماجی حلقوں کو اعتماد میں لے کر پوری دنیا کو یہ پیغام دیں کہ ہم مظلوم کشمیری بہنوں بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ آج ہمیں ثابت کرنا ہے کہ پاکستانی ایک قوم اور جسد واحد ہیں، اپوزیشن ہو یا حکومتی جماعتیں اس مسئلہ پر ہم سب ایک ہیں۔ کانفرنس سے خطاب میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ ہندوستان سو سال اور بھی کوشش کرلے کشمیر کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا، ہندوستان اربوں ڈالرز اور لاکھوں فوجی لگا کر بھی تحریک آزادی کشمیر کو خاموش نہیں کروا سکا، ہندوستانی قیادت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیئے، گذشتہ چند دنوں میں قابض ہندوستانی فورسز کے ہاتھوں ہونی والی شہادتوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، ستر سالوں میں مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا اقوام متحدہ اور عالمی امن کی علمبردار تنظیموں کے منہ پر طماچہ ہے، ہزاروں شہادتوں اور لاکھوں افراد کے زخمی ہونے کے باوجود عالمی ضمیر پر جوں نہیں رینگی، بھارت کا بھیانک چہرہ اگر کسی نے دیکھنا ہے تو وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم کو دیکھ لے، مسئلہ کشمیر پر عالمی امن اداروں کا کردار انتہائی افسوس ناک ہے، کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوکر رہے گا، ہم کشمیری بھائیوں کی ہر پلیٹ فارم پر حمایت جاری رکھیں گئے۔
خبر کا کوڈ : 809473
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے