0
Friday 9 Aug 2019 00:24

پوری قوم کشمیریوں کی پشت پر ہے، کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، سراج الحق

پوری قوم کشمیریوں کی پشت پر ہے، کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آج کراچی کی خواتین نے بھی سڑکوں پر نکل کر اور کشمیری خواتین اور عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرکے ثابت کردیا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر ہے، کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، کراچی سے چترال تک قوم کو منظم کریں گے، یہ کسی زمین کے حصول کی لڑائی نہیں اسلام اور نظریئے کی جنگ ہے، یہ ایک طویل جنگ ہے اپنے حوصلوں کو بلند رکھنا ہوگا، پاکستان عوام نے بنایا تھا اور عوام ہی اس کا تحفظ کریں گے، امید ہے کہ بھارت کے اندر ایک اور پاکستان بنے گا اور مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت نیو ایم اے جناح روڈ پر کشمیر میں مظلوم نہتے کشمیریوں پر بھارتی جارحیت اور کالے قانون کے تحت آرٹیکل 370،35 اے کو ختم کرکے کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے کے خلاف خواتین کے ایک بڑے احتجاجی مظاہرے سے آڈیو خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، ڈپٹی سکریٹری کراچی یونس بارائی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرے میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی مرکزی جنرل سکریٹری دردانہ صدیقی، ناظمہ کراچی اسماء سفیر و دیگر خواتین ذمہ داران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کراچی مظاہرے میں ماؤں، بیٹیوں اور بہنوں نے شریک ہوکر مظلوم کشمیریوں کو مزید حوصلہ دیا ہے، مقبوضہ کشمیر کو اس وقت جیل خانہ بنادیا گیا ہے، وہاں کے تعلیمی ادارے اور ہستپال بند کردیئے گئے ہیں، چوک چوراہوں اور گھروں پر فوج کھڑی ہے اور مکمل طور پر کرفیو لگادیا گیا ہے، بھارتی درندوں نے ماؤں کے سامنے ان کے بچوں کو ذبح کیا اور ان کی بیٹیوں کی عصمت دری کی لیکن افسوس ہے کہ ساری دنیا اس پر خاموش ہے، بدقسمتی سے جتنے بھی پاکستان کے حکمران آئے سب نے انڈیا سے اچھے تعلقات بنانے کی کوشش کی لیکن بھارت نے کبھی مثبت رویئے کا اظہار نہیں کیا اور اب ثابت کردیا ہے کہ بھارت کشمیر کو متنازع نہیں سمجھتا اور اس کے نزدیک اقوام متحدہ کی قراردادیں اور عالمی اداروں کی کوئی حیثیت نہیں، حکمرانوں نے ذہنی طور پر ایل او سی کو تسلیم کرلیا ہے، میں سلام پیش کرتا ہوں ان شیر دل کشمیریوں کو جنہوں نے بدترین ریاستی جبر و تشدد کے باوجود آزادی کی تحریک اور جدوجہد کو جاری رکھا اور ایک دن کے لئے بھی بھارت کی غلامی اور تسلط کو قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے خود شملہ معاہدے کو توڑا ہے تو پاکستان بھی آگے بڑھ کر شملہ معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کرے اور اپنی فوج کو مقبوضہ کشمیر میں داخل کرے۔
خبر کا کوڈ : 809610
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش