0
Friday 9 Aug 2019 09:02

کشمیری نوجوانوں نے آزادی کیلئے لازوال قربانیاں دیں، بیرسٹر سلطان

کشمیری نوجوانوں نے آزادی کیلئے لازوال قربانیاں دیں، بیرسٹر سلطان
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر برسڑ سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا مودی کی گھناﺅنی سازش اور خطے کو فلسطین کی طرح آگ میں جھونکنے کے مترادف ہے۔ یورپی پارلیمنٹ، ناروے وزیراعظم کے واضح موقف اور امریکی صدر ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش اہمیت کی حامل ہے۔ موجودہ صورتحال میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے اقدامات لائق تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ نریندر مودی نے 370 اور 35 اے کو بائی پاس کیا یہ اس کے منشور کا حصہ تھا۔ کشمیری نوجوانوں نے آزادی کیلئے لازوال قربانیاں دیں، آج حریت کانفرنس کیساتھ بھارت نواز قوتوں نے بھی مودی کے فیصلوں کیخلاف علم بغاوت بلند کیا ہے، اسلامی ممالک نے بھرپور ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس امر کی ضرورت ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور قیادت ایک بیچ پر ہو۔ آرمی چیف نے بھی کسی بھی حد تک جانے کا عندیہ دیا، وزیراعظم آزادکشمیر نے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کیلئے رابطہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ٹرمپ سے کھل کر کشمیر پر بات کی ہے اس دوران میری بھی یو این او کی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل سے ملاقات ہوئی جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور مظالم پر بات ہوئی، اوورسیز کشمیریوں کا مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں اہم کردار ہے۔ بھارت طاقت کے زور پر کشمیر پر غاصبانہ قبضہ نہیں رکھ سکتا۔ بھارت نے 1951ء میں بھی مقبوضہ کشمیر اسمبلی سے قرارداد پاس کروانے کی ناکام کوشش کی۔ یو این کمیشن آف ہیومن رائٹس کی 2018-19ء کی رپورٹس بھارت کے خلاف ہین، کشمیریوں کو طاقت کے زور پر دبایا نہیں جا سکتا، مقبوضہ کشمیر حل کرنا ہو گا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی سطح پر کوششوں کو مزید تیز تر کیا جائے گا، اقوام متحدہ اور یورپی یونین کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ گولہ باری، نہتے کشمیریوں کو شہید کرنے، نیلم لیپہ نکیال میں املاک کے نقصانات اور مقبوضہ کشمیر میں حالیہ شہادتوں اور کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے اور طاقت کے زور پر کشمیریوں کو دبانے کا نوٹس لے۔ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطہ میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ لاپرواہی خطہ کے امن کو تہس نہس کر دے گی۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر ٹھوس موقف اپنائے جانے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اجلاس میں پانچ نکات منظور کر کے پاکستان کی قیادت نے یہ دو ٹوک موقف دیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی، سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پاک فوج کو تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان شجاع آدمی ہیں، انہوں نے ہندوستان کے ساتھ تمام تجارتی تعلقات ختم کر دیے ہیں۔ اپنے ہائی کمشنر کو نئی دہلی سے بلوا لیا ہے اور ہندوستان کے ہائی کمشنر کو پاکستان چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔ بیرسٹر سلطان محمو دچوہدری نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں دوبارہ اپنا مقدمہ لے جانے پر کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پوری سیاسی قیادت کشمیریوں کے ساتھ ہے، یہی کشمیر ایشو کی کامیابی ہے۔
خبر کا کوڈ : 809629
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش