0
Friday 9 Aug 2019 10:23

بھارتی جارحیت کے خلاف تہران میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے طلباء کا احتجاجی مظاہرہ

بھارتی جارحیت کے خلاف تہران میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے طلباء کا احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ یونیورسٹی آف تہران کے طلباء نے ایران کے دارالحکومت میں واقع بھارتی سفارتخانے کے سامنے جمع ہو کر کشمیر میں ہو رہے ظلم کی مذمت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ طلباء نے اپنے ہاتھوں میں کشمیر کے حق میں پلے کارڈذ اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن میں بھارتی حکومت کے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے کو آئین کے خلاف قرار دیا گیا اور حکومت اور عوام سے کشمیر کے مسلمانوں کی حمایت کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے طلباء مقررین نے کہا کہ اس وقت بھارتی حکومت کشمیر کے مسلمانوں پر بے انتہا ظلم کر رہی اور وہاں ہر قسم کے رابطہ کو منقظع کر دیا گیا ہے، ہمیں نہیں پتہ کے اس وقت وہاں کے کیسے حالات ہیں اور لوگ کس حال میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت نے دفعہ 370 کو غیر آئینی اقدام کے ذریعے ختم کر کے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک متنازعہ مسئلہ ہے، جسے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا بھارتی حکومت کو یک طرفہ طور پر کشمیر کی پہلے سے متنازعہ حیثیت تبدیل کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ شرکاء نے بھارتی سفارتخانے کے سامنے مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کشمیر میں قتل عام بند کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر ہندوستانی حکومت نے کشمیر میں قتل عام بند نہ کیا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے، آج کشمیر میں لوگوں کو ان کے گھروں میں بند کر کے قتل کیا جا رہا ہے اس وقت کشمیر کی جو صورت حال ہے وہ 1971 سے بھی بد تر ہے۔ مقررین نے کشمیر کی زمینی صورتحال بیان کرتے ہوے حالات کو غیر معمولی قرار دیا ہے کہ اس بار جس طرح کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں ان کی مثال ماضی میں نہیں ملتی اور دفعہ 144 کا سختی سے اطلاق نیز کرفیو سے وادی کے 80 لاکھ افراد ایک طرح سے اپنے ہی گھر میں قید ہو کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع مواصلات کے ساتھ ساتھ کیبل نیٹ ورک کو بھی بند کر دیا اور اس وقت وادی میں مکمل سناٹا ہے اور جگہ جگہ فوج تعینات ہے۔ واضح رہے کہ تہران کے علاوہ دنیا بھر میں آزادی پسند عوام، سماجی کارکن اور طلباء سمیت مختلف کمیونیٹیز کے لوگ کشمیری عوام کی حمایت میں احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 809634
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش