0
Friday 9 Aug 2019 11:02

مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، رائو عبدالقیوم شاہین

مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، رائو عبدالقیوم شاہین
اسلام ٹائمز۔ تحریک صوبہ ملتان کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر سیمینار مرکزی چیئرمین رائو عبدالقیوم شاہین کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں میاں اسد عبداللہ اور چوہدری شہزاد فیصل مہمان خصوصی تھے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی چیئرمین رائو عبدالقیوم شاہین نے کہا کہ آج پوری دنیا کی نظریں کشمیر پر لگی ہوئی ہیں جبکہ بھارت اپنی جارحیت کے ذریعے کشمیری قوم کا قتل عام کر رہا ہے، کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنا پورے خطے کو آگ و خون میں نہلانے کے مترادف ہے، عالمی برادری بھارتی کو جارحانہ عزائم سے روکے اور کشمیر کے مسئلے کو حل کرے۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری طارق عبداللہ کے صاحبزادے اسد عبداللہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے۔ چوہدری شہزاد فیصل ارائیں نے کہا کہ امت مسلمہ کشمیر کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرے۔ تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی سیکرٹری جنرل رکن الدین ملتانی نے کہا کہ کشمیریوں کا قصور فقط اتنا ہے کہ وہ پاکستان سے پیار کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، جس کی سزا ان کی لاشوں کی شکل میں انہیں دی جا رہی ہے۔

تحریک صوبہ ملتان ویمن ونگ کی سربراہ روبینہ انصاری اور ڈاکٹر طیب ملک نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ میجر محمد اقبال چغتائی اور الحاج اشرف قریشی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے سفارتی سطح پر بہترین منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے۔ سینیئر صحافی مظہر جاوید نے کہا کہ بھارتی سفیر کو نکالنا اور بھارت کے ساتھ تجارتی سرگرمیاں ختم کرنا حکومت کا جرات مندانہ اقدام ہے۔ مرزا ارشدالقادری، علامہ ابوبکر عثمان الازہری اور حافظ ظفر قریشی نے کہا کہ بھارت کو مذمت کی بجائے مرمت کی ضرورت ہے۔ سیمینار میں پادری نعیم جاوید، علامہ عبدالحنان حیدری، ملک یوسف، رانا لقمان، رائو شمشاد، ملک فیاض، عبدالرزاق بھٹی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 809644
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش