0
Friday 9 Aug 2019 20:12

چین سکیورٹی کونسل میں کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت کریگا، شاہ محمود قریشی

چین سکیورٹی کونسل میں کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت کریگا، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ چین مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سکیورٹی کونسل میں پاکستان کی حمایت کرے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں کشیدہ صورتحال پر چینی حکومت کو پاکستان کے خدشات اور تحفظات سے آگاہ کرنے کے لئے وزیر خارجہ شاہ محمود بیجنگ میں موجود ہیں۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ہنگامی دورے میں چینی ہم منصب سے ملاقات کے لئے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس پہنچے تو ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے بھارت کے غیر آئینی اقدامات پر تحفظات سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ڈھائی گھنٹے کی طویل ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی اقدام کیخلاف سکیورٹی کونسل جانے کا فیصلہ کیا ہے اور چین پاکستان کی مکمل حمایت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون رکھے گا، چین اور پاکستان کی وزارتیں اور مشنز آپس میں روابط جاری رکھیں گے۔

شاہ محمود قریشی کے مطابق چین نے آج ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ وہ پاکستان کا بااعتماد دوست ہے، چین سے دوستی آج بھی لازوال ہے، اس پر جتنا فخر کیا جائے کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی وزیرخارجہ نے پاکستان کے مؤقف کی مکمل تائید کی ہے اور اتفاق کیا کہ بھارتی اقدام یکطرفہ ہیں، اس اقدام سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے اسٹیٹس اور ہیئت میں تبدیلی واقع ہوئی ہے، انہوں نے اتفاق کیا کہ ان بھارتی اقدامات سے خطے کے امن و استحکام کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ چینی وزیرخارجہ نے اتفاق کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر ایک متنازع مسئلہ تھا اور ہے، مسئلہ کشمیر کا حل بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا چاہیئے، چین مسئلے کا پر امن حل چاہتا ہے تاکہ کشیدگی میں اضافہ نہ ہو جبکہ چینی حکام کو بتایا کہ بھارت پلوامہ جیسی حرکت دوبارہ کرسکتا ہے۔ قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچے جہاں ائیرپورٹ پر ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کی سفیر نغمانہ ہاشمی بھی موجود تھیں، بیجنگ ائیرپورٹ پر پاک چین دوستی کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔
خبر کا کوڈ : 809780
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب