0
Friday 9 Aug 2019 21:03
سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک گیر”یوم یکجہتی کشمیر“ منایا گیا

مودی نے بھارت کو آتش فشاں کے دہانے پر کھڑا کر دیا، سنی اتحاد کونسل

کشمیر کو دوسرا فلسطین نہیں بننے دیں گے، خالصتان تحریک کو تیز کروایا جائے
مودی نے بھارت کو آتش فشاں کے دہانے پر کھڑا کر دیا، سنی اتحاد کونسل
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک گیر ”یوم یکجہتی کشمیر“ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کیخلاف قراردادیں منظور کی گئیں اور کشمیر کی سنگین صورتحال کو خطاب جمعہ کا موضوع بنایا گیا جبکہ نماز جمعہ کے بعد لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، کراچی سمیت مختلف شہروں میں یکجہتی کشمیر ریلیاں نکالی گئیں۔ اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے فیصل آباد میں مرکزی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی صرف اخلاقی و سفارتی نہیں عملی مدد کا وقت آ گیا۔ بھارتی کمشنر کو پاکستان سے نکالنے اور بھارت کیساتھ تجارت ختم کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ بھارتی فلموں، ڈراموں اور چینلز پر مستقل پابندی عائد کی جائے۔ وزیراعظم دوست ممالک کے ہنگامی دورے کریں۔ مودی نے بھارت کو آتش فشاں کے دہانے پر کھڑا کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ پوری قوم کے دل کی آواز ہے۔ پوری دنیا میں مودی سرکار تنہائی کا شکار ہو گئی۔ پاکستان کھل کر خالصتان کی حمایت کرے۔ کشمیر کو دوسرا فلسطین نہیں بننے دیں گے۔ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ سقوط ڈھاکہ سے کم سانحہ نہیں۔ کشمیر کی سنگین صورت حال پر دنیا کی حمایت حاصل کرنے کے لئے عمران خان خود اہم ممالک کے دورے کریں۔ کشمیر کی صورت حال پر ہونے والے مشترکہ اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کا مشترک نہ ہونا افسوسناک ہے۔ کشمیر کے مسئلے پر سیاسی اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ سنی اتحاد کونسل لاہور کے صدر مفتی حبیب قادری نے شادباغ لاہور میں کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی بھارت کا گورباچوف ثابت ہو گا۔ کشمیر بزور شمشیر کا مرحلہ آن پہنچا۔ بھارت پاکستان کو کشمیریوں کی اخلاقی و سیاسی مدد سے آگے بڑھنے پر مجبور کر رہا ہے۔ بھارت فلسطینیوں کی طرح کشمیریوں کی نسل کشی چاہتا ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی راہنما سید جواد الحسن کاظمی نے کمیٹی چوک راولپنڈی میں کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کی پکار سنے۔ آرٹیکل 370 کا خاتمہ بھارت کی سیاسی موت ثابت ہو گا۔ مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کا قبرستان بن کر رہے گا۔ بھارت اسرائیلی فارمولے کے تحت مقبوضہ کشمیر پر اپنا تسلط قائم کر رہا ہے۔ مودی نے جنگ مسلط کی تو بھارت کو راکھ کا ڈھیر بنا دیں گے۔ اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی برادری مسئلہ کشمیر پر مجرمانہ خاموشی ترک کریں۔ کشمیر کی صورت حال پر ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کے غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ طرز عمل سے قوم کو مایوسی ہوئی۔ مسئلہ کشمیر پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 809795
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش