QR CodeQR Code

71 سالہ نواز شریف کو تازہ ہوا کی ضرورت ہے، مجھے انکے جیل میں مرنے کا خدشہ ہے، مخدوم جاوید ہاشمی

10 Aug 2019 00:50

ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ میرے سینے میں عمران خان کے بہت سے ذاتی راز بھی ہیں، جو میرے پاس امانت ہیں، میں انکے بارے میں کوئی بات نہیں کرونگا، جہاں تک عوامی مسائل کا تعلق ہے، ان پر بات کرتا ہوں اور کرتا رہونگا، ذاتی رازوں کے بارے میں عمران خان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاوں گا۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ مریم نواز کو کشمیر کا جھنڈا اٹھانے اور 15 اگست کو مظفر آباد میں جلسہ کرنے کے اعلان پر گرفتار کیا گیا ہے، یہ ملکی تاریخ کی عجیب گرفتاری ہے کہ وہ اپنے والد سے جیل میں ملنے گئیں، مریم کی گرفتاری سے بھارت کو یہ پیغام ملے گا کہ ہم ایک نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس میں کیا۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ مریم نواز کی گرفتاری نیب کی انتقامی کارروائی ہے، اس گرفتاری نے کشمیر کی صورتحال پر قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کر دیا ہے، مریم کشمیر کا پرچم اٹھائے کشمیریوں کے حق میں مہم چلا رہی تھیں، اس مہم کو بین الاقوامی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا، لیکن موجودہ حکمران کشمیر کو بھول کر انتقامی کارروائیوں پر اترے ہوئے ہیں، جس بھونڈے انداز میں مریم کو گرفتار کیا گیا ہے، ایسا تو انگریز دور میں بھی نہیں کیا گیا، اس میں کوئی شک نہیں کہ مودی کی وجہ سے کشمیریوں پر وہ پہاڑ ٹوٹا ہے، انہیں ہمیشہ کے لئے غلام بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، کیونکہ مودی کی یہ خواہش تھی کہ وہ مسلمانوں کو غلام بنائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسا باپ جو جیل میں موجود ہو، اس کے اور فیملی کے دیگر ارکان و بچوں کے سامنے ایک بیٹی کو گرفتار کرنا حکمرانوں کے لئے کلنک کا ٹیکا ہے، اگر حکمرانوں نے احتساب کرنا ہے تو گھر سے شروع کریں، عمران خان اور علیمہ خان کے پاس بھی بے نامی جائیدادیں موجود ہیں، اس پر انہیں بھی جیل جانا چاہیئے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے دوران پریس کانفرنس بتایا کہ میں میاں نواز شریف کی بیماریوں کے بارے میں بہت کچھ جانتا ہوں، 71سال کی عمر میں انہیں تازہ ہوا کی ضرورت ہے، کیونکہ جب وہ وزیراعظم تھے تو تب بھی اپنے دفتر میں تازہ ہوا کے لئے دروازہ کھول کر رکھتے تھے، مجھے خدشہ ہے کہ ان بیماریوں کی وجہ سے وہ خدانخواستہ مر نہ جائیں، اگر ایسا ہوا تو حکمران قوم کو کیا جواب دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے دوران پریس کانفرنس انکشاف کیا کہ میرے سینے میں عمران خان کے بہت سے ذاتی راز بھی ہیں، جو میرے پاس امانت ہیں، میں ان کے بارے میں کوئی بات نہیں کروں گا، جہاں تک عوامی مسائل کا تعلق ہے، ان پر بات کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا، ذاتی رازوں کے بارے میں عمران خان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاوں گا۔


خبر کا کوڈ: 809823

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/809823/71-سالہ-نواز-شریف-کو-تازہ-ہوا-کی-ضرورت-ہے-مجھے-انکے-جیل-میں-مرنے-کا-خدشہ-مخدوم-جاوید-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org