QR CodeQR Code

شمالی کوریا نے گزشتہ ہفتے کیے گئے میزائل تجربات پر معافی مانگی ہے، ٹرمپ کا دعویٰ

11 Aug 2019 12:12

اس سے قبل امریکی صدر نے میزائل تجربات کو غیر اہم قرار دیا تھا کہ میں دوبارہ کہوں گا کہ یہ کوئی جوہری میزائل کے تجربات نہیں تھے بلکہ مختصر فاصلے تک مارنے والے میزائل تھے، میزائل بیلسٹک یا طویل فاصلے تک مارنے والے میزائل بھی نہیں تھے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کیے گئے میزائل تجربات پر معافی مانگی ہے۔ خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ کم جونگ ان نے امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ عسکری مشقیں ختم ہونے کے بعد جوہری ہتھیاروں پر مذاکرات شروع کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا نے گزشتہ روز میزائل کا پانچواں کامیاب تجربہ کیا اور محض چند گھنٹے بعد ہی ڈونلڈ ٹرمپ کا کم جونگ ان سے متعلق بیان سامنے آگیا۔ امریکی صدر نے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ انہیں شمالی کوریا کے رہنما نے مراسلہ بھیجا ہے جس میں دوطرفہ مذاکرات کے آغاز پر زور دیا گیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں کم جونگ ان سے جلد ملاقات کرنے کا بھی اظہار کیا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے رہنما نے واضح طور پر کہا کہ وہ ملاقات کرکے مذاکرات کا عمل جلد ازجلد بحال کرنا چاہتے ہیں۔


واضح رہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقیں اگلے ہفتے اختتام پذیر ہورہی ہیں تاہم شمالی کوریا نے مختصر فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل کے تجربات کو جنگی گیم کے خلاف ایک احتجاج قرار دیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایک طویل مراسلہ تھا جس میں عسکری مشقوں کو فصول اور پیسوں کا ضائع قرار دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مراسلے میں شمالی کوریا کے رہنما نے میزائل تجربات پر چھوٹی سی معافی بھی مانگی اور میزائل تجربات کا سلسلہ عسکری مشقوں کے اختتام کے ساتھ ہی روک دینے کا عندیہ دیا۔ خیال رہے کہ اگلے صدارتی انتخابات سے قبل امریکی صدر، شمالی کوریا کے ساتھ جوہری معاہدے کو حتمی شکل دینے کے خواہاں ہیں۔ امریکی صدر نے اس سے قبل شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربات کو غیر اہم قرار دیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ میں دوبارہ کہوں گا کہ یہ کوئی جوہری میزائل کے تجربات نہیں تھے بلکہ مختصر فاصلے تک مارنے والے میزائل تھے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ تجربات کا حصہ بننے والے میزائل بیلسٹک یا طویل فاصلے تک مارنے والے میزائل بھی نہیں تھے۔


خبر کا کوڈ: 810063

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/810063/شمالی-کوریا-نے-گزشتہ-ہفتے-کیے-گئے-میزائل-تجربات-پر-معافی-مانگی-ہے-ٹرمپ-کا-دعوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org