QR CodeQR Code

کشمیر پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ پاکستانی اور کشمیری عوام سے غداری ہوگی، عبدالغفور راشد

11 Aug 2019 18:51

چیءرمین تحفط حرمین شریفین کونسل کا کہنا تھا کہ کشمیر پر امریکی صدر ٹرمپ خاموش ہیں اور مودی ثالثی کے بیان کی تصدیق کر رہا ہے اور نہ ہی تردید، جبکہ اس نے چپکے سے پارلیمنٹ کے ذریعے کشمیر کی خودمختاری پر دن دیہاڑے حملہ کر دیا۔ جس کی بقول وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی انہیں اندازہ نہ تھا۔


اسلام ٹاءمز۔ تحفظ حرمین شریفین کونسل کے چیرمین اور ناظم ذیلی تنظیمات مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیساتھ ہونیوالی ملاقات اور معاہدوں کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کریں۔ نیز یہ کہ پینٹاگون میں چیف آف آرمی سٹاف کی ملاقات میں افغانستان اور کشمیر پر کیا وعدے کیے گئے، اس سے بھی قوم کو آگاہ کیا جانا ضروری ہے۔ کیونکہ شکوک و شبہات پائے جا رہے ہیں کہ کشمیر پر سودے بازی ہو چکی ہے۔ جو غیر قانونی اقدام بھارتی حکومت کی طرف سے کیا گیا ہے۔ اس میں امریکہ اور اسرائیل کیساتھ ہمارے حکمرانوں کی مرضی بھی شامل ہے۔اس لئے ابہام کو دور کیا جانا اور ذہنوں میں اٹھنے والے سوالات کے جوابات دینا ضروری ہے۔ کشمیر پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ پاکستانی اور کشمیری عوام سے غداری ہوگی، جو کبھی معاف نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی نسلیں آزادی کی جنگ لڑ رہی ہیں۔جس میں کشمیری عوام کیساتھ پاکستان نے بھی بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں کیونکہ جنت نظیر وادی سیاسی، مذہبی، ثقافتی اور جغرافیائی حوالے سے ہمارا حصہ ہے۔ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے افسوس کا اظہار کیا کہ پارلیمنٹ کے اندر حکومت اور اپوزیشن مسئلہ کشمیر پر مشترکہ موقف اختیار کرنے کے بجائے، اپنی اپنی پارٹیوں کے ایجنڈے چلاتی رہی اور لیڈروں کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے آقاوں اور میڈیا ایڈوائزرز اہم قومی معاملات اور ایشوز سے توجہ ہٹانے میں کامیاب رہے ہیں۔ جو کہ قومی بدقسمتی اور شرمناک ہے۔ احتساب کی آڑ میں صرف اپوزیشن رہنماوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور اسی دباو کے تحت بجٹ اور مہنگائی میں پہلے آئی ایم ایف کے شکنجے میں اپنے عوام کو دبوچا گیا اور ساتھ ہی اپوزیشن رہنماوں کی گرفتاری کر کے میڈیا اور عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹا دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف اور امریکہ کے سامنے ہتھیار پھینک چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پر امریکی صدر ٹرمپ خاموش ہیں اور مودی ثالثی کے بیان کی تصدیق کر رہا ہے اور نہ ہی تردید، جبکہ اس نے چپکے سے پارلیمنٹ کے ذریعے کشمیر کی خودمختاری پر دن دیہاڑے حملہ کر دیا۔ جس کی بقول وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی انہیں اندازہ نہ تھا۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کشمیر پر غیر ذمہ دارانہ رویہ ناقابل اور 72 سالہ محنت کو برباد کرنے کے مترادف ہے۔ اس لئے واضح ہوتا ہے کہ حکومت اور ہمارے ادارے بھارتی اقدام سے بے خبر نہیں تھے اور جو کچھ کیا گیا ہے نظر آ رہا کہ کشمیر پر سودے بازی ہو چکی ہے۔ حکومت کو یہ سودا بہت مہنگا پڑے گا۔ کشمیری عوام پیچھے ہٹیں گے اور نہ ہی پاکستانی عوام کو یہ غیر منصفافہ حل قبول ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 810111

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/810111/کشمیر-پر-کسی-بھی-قسم-کا-سمجھوتہ-پاکستانی-اور-کشمیری-عوام-سے-غداری-ہوگی-عبدالغفور-راشد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org