QR CodeQR Code

ہمیں مظلوم کشمیریوں کی مدد کیلئے آواز بلند کرنا ہوگی، ثروت اعجاز قادری

12 Aug 2019 23:55

کراچی میں رابطہ کمیٹی کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سررباہ نے کہا کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کیلئے پوری قوم کا جذبہ بھارت کو نقشے سے مٹانے کیلئے کافی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آر ایس ایس کے نظریات انسانیت کیلئے تباہ کن ہیں، مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی، خواتین کی عصمت دری کو روکنے کیلئے آر ایس ایس کے نظریات اور انتہاپسندوں کو ختم کرنا ضروری ہوچکا ہے، یوم آزادی کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کشمیر بنے گا پاکستان ریلی نکالی جائیگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر رابطہ کمیٹی کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس کے نظریات دنیا کے امن کو تباہ اور مذاہب کے درمیان ٹکراؤ اور نفرتوں کو جنم دے رہے ہیں، اقوام متحدہ کشمیریوں کی نسل کشی اور انہیں حق خودارادیت دلانے کیلئے سلامتی کونسل کی قراردادوں کو عملی جامہ پہنائے، بھارت کو انسانیت سوز مظالم سے روکنے کیلئے اقوام اور عالمی برادری پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کارکنان کشمیر بنے گا پاکستان ریلی میں عوامی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے رابطہ مہم تیز کر دیں، پاکستان کے عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کیلئے پوری قوم کا جذبہ بھارت کو نقشے سے مٹانے کیلئے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم، خواتین سے زیادتی، بچوں، بوڑھوں و خواتین کا قتل معمول بن چکا ہے، بھارتی حکومت آر ایس ایس مذہبی انتہاپسندی کو فروغ اور انسانیت سوز مظالم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام مدد کیلئے پکار رہے ہیں، ہمیں کشمیریوں کی مدد کیلئے آواز بلند کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کے ساتھ کشمیریوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرینگے، کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیری عوام کی آواز ہے، جسے پورا کرنا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 810247

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/810247/ہمیں-مظلوم-کشمیریوں-کی-مدد-کیلئے-آواز-بلند-کرنا-ہوگی-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org