QR CodeQR Code

عمران خان ایک کینہ پرور انسان ہے جسے خیر کی توقع نہیں، احسن اقبال

13 Aug 2019 10:14

اپنے ٹوئٹ میں سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پچھلے 15 ماہ میں سڑکوں کی مرمت اور نگہداشت پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے سڑکیں بدحالی اور تباہی کا نمونہ بن رہی ہیں اور کل ان کو بحال کرنے پر اربوں روپے درکار ہونگے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان  مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال  نے کہا ہے کہ جس طرح مریم نواز کو عید سے قبل والد کے سامنے اور فریال تالپور صاحبہ کو عید کی رات 12 بجے اڈیالہ جیل بھیجا گیا، اس سے سیلیکٹڈ وزیراعظم کی ذہنی کیفیت کا اندازہ کیا جا سکتا ہے، کتنی چھوٹی سوچ اور کینہ پرور ہے، یہ کام 4 روز بعد بھی ہو سکتا تھا، انتقام و حسد کی آگ سے تعمیر نہیں ہو سکتی۔ تفصیلات کے  مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پچھلے 15 ماہ میں سڑکوں کی مرمت اور نگہداشت پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے سڑکیں بدحالی اور تباہی کا نمونہ بن رہی ہیں اور کل ان کو بحال کرنے پر اربوں روپے درکار ہونگے۔ انہوں نے  کہاکہ تحریک انصاف کی پنجاب دشمنی کی واضح مثال پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی غیرآئینی برطرفی ہے جس کا نتیجہ شہروں میں قربانی کے جانوروں کے فضلہ کا انبار اور تعفن ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ بلدیاتی ادارے سرکاری سرپرستی میں ہیں جن کی عوام کو کوئی جوابدہی نہیں، آج لوگ کہہ رہے تھے اگر بلدیاتی اداروں کی برطرفی کہیں مسلم لیگ نون نے کی ہوتی تو 24 گھنٹوں میں عدالتوں سے بحال ہو چکے ہوتے، بحالی کیس ہائی کورٹ میں حکومتی التواء کا شکار ہے، امید ہے سپریم کورٹ اس اہم معاملہ میں مداخلت کرے گی اور بلدیاتی اداروں پر تحریک انصاف کے حملے کا مداوہ کرے گی، احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کشمیر ہار کے آئے ہیں یا سودا کیا ہے قوم جواب مانگتی ہے؟ پاکستان کبھی اتنا کمزور نہیں تھا کہ بھارت یکطرفہ اتنا بڑا قدم اٹھانے کی جرات کر سکتا، مودی پہلے بھی پانچ سال وزیر اعظم تھا مگر ایسی ہمت نہیں کی۔


خبر کا کوڈ: 810271

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/810271/عمران-خان-ایک-کینہ-پرور-انسان-ہے-جسے-خیر-کی-توقع-نہیں-احسن-اقبال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org