QR CodeQR Code

ایران-عراق تجارت سے "امریکی ڈالر" حذف کرنیکا پہلا قدم اٹھا لیا گیا

13 Aug 2019 12:33

اسلامی جمہوریہ ایران کے حج و زیارت ڈیپارٹمنٹ کی نئی اقتصادی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایک عراقی ٹرانسپورٹ کمپنی کے ساتھ ایران و عراق کے درمیان زائرین کی وسیع پیمانے پر ٹرانسپورٹیشن کے لئے ایرانی ٹرانسپورٹ کمپنی کا "ایرانی ریال" میں معاہدہ طے پا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق کے درمیان گذشتہ ایک عرصے سے "امریکی ڈالر" سے پاک تجارت پر غور و خوض کیا جا رہا تھا جبکہ دونوں طرف کے حکام و اقتصادی ماہرین بھی اس مقصد کے حصول کے لئے تگ و دو کرتے نظر آرہے تھے، جس کا پہلا عملی قدم ایرانی حج و زیارت ڈیپارٹمنٹ کی نئی اقتصادی پالیسی کے طور پر سامنے آیا ہے، جس کے مطابق ایران و عراق کے درمیان زائرین کی آمدورفت کو آسان بنانے کی خاطر وسیع پیمانے پر ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے لئے ایک ایرانی ٹرانسپورٹ کمپنی کا عراقی ٹرانسپورٹ کمپنی کے ساتھ "ایرانی ریال" میں معاہدہ طے پا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک ایرانی ٹرانسپورٹ کمپنی "شمسا" نے عراقی ٹرانسپورٹ کمپنی "نقل اثمار الخلیج" کے ساتھ ایرانی کرنسی میں معاہدہ طے کیا ہے۔

شمسا کے مینیجنگ ڈائریکٹر مصطفیٰ قاسمی نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی کمپنی کا نقل اثمار الخلیج نامی عراقی کمپنی کے ساتھ "ایرانی ریال" میں طے پانے والا یہ معاہدہ دونوں کمپنیوں کے مینیجنگ ڈائریکٹرز کی موجودگی میں معاہداتی مسودوں پر دستخط کرنے کے ساتھ انجام پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمسا کا کسی غیر ملکی کمپنی کے ساتھ ایرانی ریال میں طے پانے والا یہ پہلا معاہدہ ہے، جو ایرانی حج و زیارت ڈیپارٹمنٹ کی کرنسی کے معاملات آسان بنانے کی خاطر بنائی گئی نئی اقتصادی پالیسی کے مطابق ہے۔ مصطفیٰ قاسمی نے کہا کہ اس معاہدے کے ذریعے ہماری کوشش ہے کہ زائرین کی آمدورفت کے لئے ایران سے عتبات عالیات کی زیارت کے لئے جانے والے زائرین کو ایرانی بسیں عراق کے اندر تک لے جائیں جبکہ دوسری طرف عراق سے ایران آنے والے زائرین کی بسوں کو بھی ایرانی شہروں کے اندر تک آنے کی اجازت دیدی جائے۔


خبر کا کوڈ: 810301

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/810301/ایران-عراق-تجارت-سے-امریکی-ڈالر-حذف-کرنیکا-پہلا-قدم-اٹھا-لیا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org